2 hours ago
سرچ آپریشن کا نواں روز، وفاقی ٹیکنیکل ٹیم گل پلازہ پہنچ گئی
Webdesk
|
25 Jan 2026
کراچی: ایم اے جناح روڈ پرواقع گل پلازہ میں پیش آنے والے المناک سانحے کے 9ویں روز بھی ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری رہا۔
وفاق سے تحقیقات کے لیے ایک ٹیکنیکل ٹیم اتوار کو جائے وقوعہ پر پہنچی، جس میں این ای ڈی یونیورسٹی کے ماہرین بھی شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق اسپیشل انویسٹیگیشن گروپس نے ضلعی انتظامیہ سے ملاقات کی اور متاثرہ عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔
تحقیقاتی ٹیم نے پلازہ کے کئی مقامات کا جائزہ لیا جبکہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے ٹیم کو عمارت کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کرایا۔
اربن سرچنگ آپریشن ٹیم نے عمارت کے مختلف مقامات پر نشانیاں مارک کیں تاکہ جہاں سرچنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے وہاں دوبارہ خطرہ نہ ہو۔
ٹیم نے ایچ کے نشان لگائے، جس کا مطلب خطرے یا عمارت کے گرنے کے امکان کی نشاندہی ہے۔
حکام نے بتایا کہ سرچنگ کے دوران عمارت کے ڈھانچے کی نازک صورتحال کے باعث تمام کارروائیاں احتیاط کے ساتھ کی جا رہی ہیں اور شہریوں اور ریسکیو اہلکاروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔
اب تک سرچنگ کے دوران عمارت کے کئی حصوں کی جانچ مکمل ہو چکی ہے، تاہم مزید انسانی باقیات کی تلاش جاری ہے اور ریسکیو ٹیم ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ مزید لاپتہ افراد کو تلاش کیا جا سکے۔
دوسری جانب گل پلازہ حادثے میں جاں بحق دہلی کالونی کے رہائشی ایک ہی خاندان کے چار افراد کی شناخت کرلی گئی ہے۔
متاثرہ خاندان کے چھ افراد گمشدہ افراد کی فہرست میں شامل تھے، جو خریداری کے لیے گل پلازہ گئے تھے۔ ان میں 32 سالہ محمد سعد ولد عرفان، 35 سالہ مصباح پروین، 14 سالہ مریم، 30 سالہ نمرہ اور 30 سالہ عرفان شامل تھے۔
ڈی این اے نمونوں کے میچ ہونے کے بعد اس خاندان کے چار افراد کی میتوں کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ کوثر پروین اور اشرف علی کی شناخت کا عمل ابھی مکمل نہیں ہو سکا۔اس پیش رفت کے بعد گل پلازہ سانحے میں شناخت ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 28 ہو گئی ہے۔
Comments
0 comment