طالب علم کی ہلاکت کے خلاف پشاور پریس کلب کے باہر احتجاج
آفتاب مہمند
|
4 Jun 2024
ملاکنڈ یونیورسٹی کے طالبعلم کی اسپتال عملے کی بے حسی کے باعث موت پر طالب علموں نے پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔
مظاہرین نے دعوی کیا کہ مالا کنڈ یونیورسٹی کے طالب علم موسی خان کو رباب لانے پر ہاسٹل آنے نہیں دیا گیا، ہاسٹل سے واپسی پر موسی خان حادثے کا شکار ہوا۔
مظاہرین نے بتایا کہ حیات آباد میڈیکل کمپلس میں بیڈ نہ ملنے کے باعث طالبعلم انتقال کرگیا، واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کی جائے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ جامعات میں طلباء کو ثقافتی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے ساز گار ماحول فراہم کیا جائے۔
مظاہرین نے احتجاج کے دوران ہاتھوں میں رباب بھی اٹھا رکھے تھے اور وہ دھن بھا رہے تھے۔
واضح رہے کہ مالاکنڈ یونیورسٹی میں موسی خان شعبہ صحافت کے طالب تھے۔
مظاہرین نے کہا کہ ملاکنڈ یونیورسٹی میں شعبہ صحافت کے طالب علم موسی خان کی اندوہناک موت نے پختونخوا میں ترقی پسند سوچ کو رد کرنے کی کوشش کا پردہ چاک کردیا۔ یونیورسٹی میں رباب لانے کی پاداش جامعہ سے معطل کئے جانے والے موسیٰ خان کا روڈ ایکسڈنٹ اور پھر پشاور کے ہسپتال میں آئی سی یو میں بیڈ نہ ملنے پر موت واقع ہو جانا جہاں ایک طرف یونیورسٹی انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے وہاں دوسری طرف محکمہ صحت کے دعوؤں کی بھی کلی کھولتا نظر آتا ہے۔
پشاور پریس کلب کے سامنے نجی ادارے کے زیر اہتمام طلبہ نے رباب کی دھنوں پر موسی خان کی موت کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے گورنر خیبر پختونخوا سے واقع کی جوڈیشل انکوائری کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
Comments
0 comment