وزیراعظم کا پیٹرول کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان

وزیراعظم کا پیٹرول کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلیے ہر ممکن اقدامات کررہے ہین
وزیراعظم کا پیٹرول کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک

|

13 Mar 2026

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ حکومت نے عوام سے کیے گئے وعدے کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بار پیٹرول اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عام آدمی پر مالی بوجھ کم رکھا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت کی کوشش ہے کہ جہاں تک ممکن ہو عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ ان کے مطابق خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی معیشت دباؤ کا شکار ہے اور اس کے اثرات پاکستان سمیت کئی ممالک پر پڑنے کا خدشہ ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت بروقت پالیسی سازی، بچت کے اقدامات اور مالی نظم و ضبط کے ذریعے اس صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں غریب اور متوسط طبقے کو زیادہ بوجھ سے بچانا حکومت کی ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے اقدامات کا آغاز اشرافیہ اور سرکاری اخراجات میں کمی سے کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اختیار کیے گئے بچت اقدامات میں صوبائی حکومتیں بھی تعاون کر رہی ہیں جو مثبت پیش رفت ہے۔ وزیرِ اعظم کے مطابق سفارتی اور معاشی ٹیم کی کوششوں کے نتیجے میں ملک کی ضروریات کے لیے خام تیل کی مناسب مقدار دستیاب ہے۔

شہباز شریف نے اس بات کا بھی یقین دلایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر اس بات کو یقینی بنا رہی ہیں کہ پیٹرولیم مصنوعات سرکاری مقررہ قیمت سے زیادہ پر فروخت نہ ہوں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی حالات میں بہتری آئے گی اور تیل کی عالمی قیمتوں میں استحکام پیدا ہوگا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!