عثمان خواجہ سال 2023 کے بہترین کھلاڑی قرار
ویب ڈیسک
|
25 Jan 2024
اسرائیلی جارحیت اور مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھانے والے آسٹریلوی بلے باز کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سال 2023 کا بہترین ٹیسٹ کرکٹر قرار دے دیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ہر سال کی طرح 2023 کے بہترین کرکٹر اور سالانہ ایوارڈز کے ناموں کا اعلان کردیا گیا۔
آسٹریلیا کو عالمی چیمپیئن بنوانے والے کپتان پیٹ کمنز کو مینز کرکٹر آف دی ایئر قرار اور سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی کا حقدار قرار دیا گیا ہے جبکہ آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ کے حقدار قرار پائے ہیں۔
عثمان خواجہ کو اس ایوارڈ کے لیے اپنی ہی ٹیم کے ساتھی ٹریوس ہیڈ، بھارتی اسپنر روی چندرن اشون اور انگلینڈ کے جو روٹ سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا۔
وہ واحد بلے باز ہیں جنہوں نے سال 2023 کے دوران 13 ٹیسٹ میچز میں 1210 رنز کے ساتھ چار ہندسوں کا سنگ میل عبور کیا۔ بھارتی بلے باز ویرات کوہلی آئی سی سی مینز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئرکا ایوارڈ لے اڑے جبکہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی بھارت کے سوریا کمار یادیو کے حصے میں آیا۔
Comments
0 comment