شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کاریکارڈ بنادیا
Webdesk
|
25 Feb 2026
کینڈی: آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سپرایٹ مرحلے میں انگلینڈ کے خلاف اہم میچ میں فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے پاکستان کے لیے ریکارڈ بنادیا تاہم وہ میچ جتوانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
ورلڈ کپ ٹی 20 کے سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ نے گروپ ٹو کے اہم میچ میں پاکستان کو باآسانی دو وکٹوں سے ہراکر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی جبکہ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات اگر مگر میں چلے گئے۔
انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے شان دار سنچری بنا کر اپنی ٹیم کو شان دار کامیابی دلائی اور 165 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کرکے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے بہترین آغاز کرتے ہوئے اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کی تھی لیکن دیگر بولرز ان کا ساتھ نہیں دے پائے اور قومی ٹیم ناقص حکمت عملی کی وجہ سے اچھے آغاز کا بھرپور فائدہ نہ اٹھا سکی۔
ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں شاہین شاہ آفریدی نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوور کے کوٹے میں 30 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
شاہین ٹی20 کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں، اس سے قبل یہ ریکارڈ فاسٹ بولر حارث رؤف کے پاس تھا جنہوں نے 94 میچوں میں 133 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
شاہین نے 102 میچوں میں سب سے زیادہ 135 وکٹیں حاصل کرلی ہیں، حارث رؤف 133 وکٹوں کے ساتھ دوسرے، شاداب خان نے 123 ٹی20 میچز کھیلے ہیں اور 114 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
سابق کپتان شاہد آفریدی 98 میچ کھیل کر 96 وکٹوں کے ساتھ چوتھے، محمد نواز 91 وکٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
Comments
0 comment