پاکستان سے واپس جانے والی انجو بھارت پہنچتے ہی لاپتہ
ویب ڈٰیسک
|
1 Dec 2023
خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے نوجوان کی محبت میں گرفتار ہوکر پاکستان آنے اور شادی کرنے والی بھارتی خاتون انجو ہندوستان پہنچنے کے بعد لاپتہ ہوگئی ہے۔
انڈیا ٹوڈے نے جمعہ کو رپورٹ کیا کہ ہندوستانی شہری انجو، جو اپنے 'عاشق' نصراللہ سے خیبر پختونخواہ میں ملنے پاکستان پہنچی تھی وہ بھارت پہنچنے کے بعد لاپتہ ہوگئی۔
راجستھان کے بھیواڑی ضلع سے تعلق رکھنے والی انجو نے پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ کے رہائشی نوجوان نصر اللہ سے فیس بک پر دوستی ہوئی جو بعد میں محبت میں تبدیل ہوئی۔
دونوں طرف محبت اس قدر زوروں پر تھی کہ انجو بھارت میں اپنے شوہر اور بچوں کو چھوڑ کر چند ماہ قبل پاکستان پہنچی اور دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے بعد نصر اللہ سے شادی کی۔
انجو پاکستان میں کئی ماہ کے قیام کے بعد گزشتہ دنوں واہگہ بارڈر کے راستے نئی دہلی روانہ ہوئی، بھارتی پنجاب پولیس اور انٹیلی جنس بیورو نے تفتیش کے بعد اسے اپنے آبائی شہر راجستھان کے بھیواڑی شہر جانے کی اجازت دی لیکن وہ تین روز گزر جانے کے باوجود اب تک گھر نہیں پہنچی، جس کی تصدیق اُس کے سابق خاوند اور اہل خانہ نے کی ہے۔
ہندوستان روانگی سے قبل ریکارڈ کی گئی ایک ویڈیو میں انجو نے پاکستان کے لوگوں کے لیے تعریف کی اور کہا تھا کہ ’’میں انجو ہوں، اور آج پاکستان میں میرا آخری دن ہے، میری آمد کے بعد سے ہر ایک دن مجھے محبت ملی اور آپ سب نے بہت پیار دیا، اب میرے الوداع کا وقت ہے‘۔
پاکستان میں قیام کے حوالے سے انجو نے کہا تھا کہ ’’یہاں کے لوگ ناقابل یقین حد تک گرمجوشی، مہمان نواز اور ہر ایک کے لیے قابل احترام ہیں۔ میں جہاں بھی گئی، میرا استقبال کیا گیا اور خاندان کے ایک فرد کی طرح سلوک کیا گیا‘۔
بھارتی پولیس نے انجو کی واپسی کے پیش نظر سیکیورٹی بڑھا دی ہے جبکہ غیر متعلقہ لوگوں کو چیکنگ کے بعد گلی میں جانے یا اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دی جارہی ہے۔
Comments
0 comment