5 hours ago
غزہ برائے فروخت نہیں ہے: حماس کا ٹرمپ کے بیانات پر جواب

Webdesk
|
16 May 2025
غزہ: حماس کے عہدیدار باسم نعیم نے کہا ہے کہ غزہ برائے فروخت نہیں ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی جس میں انہوں نے اس علاقے کو حاصل کرنے اور اسے آزاد علاقہ بنانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
حماس کے سیاسی بیورو کے رکن باسم نعیم نے مزید کہا غزہ فلسطینی سرزمین کا اٹوٹ حصہ ہے۔ یہ کھلی منڈی میں برائے فروخت کوئی جائیداد نہیں ہے،باسم نعیم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غزہ میں امداد کی ترسیل اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کے لیے کم از کم شرط ہے۔
اسرائیل نے دو مارچ سے غزہ کی پٹی کا مکمل محاصرہ کر رکھا اور یہاں خوراک اور امدادی سامان کی ترسیل مکمل طور پر بند کر رکھی ہے۔ غزہ کی پٹی میں لاکھوں افراد کو بھوک اور قحط کا سامنا ہے۔
حماس کے سیاسی بیورو کے رکن نے کہا ہے کہ مذاکرات کے سازگار اور تعمیری ماحول کے لیے کم از کم شرط یہ ہے کہ نیتن یاہو کی حکومت کو سرحدی گزرگاہیں کھولنے اور انسانی، خوراک اور طبی امداد کی ترسیل کی اجازت دینے پر مجبور کیا جائے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو قطر میں ایک کاروباری اجلاس کے دوران ایک بار پھر غزہ کی پٹی پر کنٹرول حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ امریکہ اسے آزاد علاقہ بنائے گا، فلسطینی علاقوں میں بچانے کے لیے کچھ نہیں بچا ہے۔
ٹرمپ نے پہلی بار فروری میں غزہ کے بارے میں اپنا خیال پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ اس علاقے کو دوبارہ ترقی دے گا اور فلسطینیوں کو دوسرے علاقوں میں جانے پر مجبور کرے گا۔
Comments
0 comment