2 hours ago
جمائما نے 22 سال بعد دوسری شادی کرلی
Webdesk
|
14 Sep 2026
لندن: عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے 22 سال بعد دوبارہ شادی کرلی ہے۔ 52 سالہ جمائما 62 سالہ آئرش نژاد کاروباری شخصیت اور ملٹی ملینئر فنانسر کیمرون او ریلی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئی ہیں۔
جمائما کی دوسری شادی کی خبر ان کے خاندان کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی۔ جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ نے شادی کی تصدیق کی، جبکہ ان کی اہلیہ جن کا نام بھی جمائما جونز ہے، انہوں نے انسٹاگرام پر شادی کی تقریب کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے نو بیاہتا جوڑے کو مبارکباد دی۔
جمائما کی بھابھی نے تصویر کے ساتھ لکھا، جمائما اور کیمرون کی شادی کا جشن، میری پسندیدہ شخصیت کے ساتھ، کیا خوشی کا دن ہے۔
اطلاعات کے مطابق شادی ایک نجی تقریب میں ہوئی اور جوڑے نے اپنی ذاتی زندگی کو زیادہ سے زیادہ نجی رکھنے کو ترجیح دی ہے۔ شادی کی خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب رواں سال مئی میں جمائما اور کیمرون کی منگنی کی اطلاعات منظرعام پر آئی تھیں۔
جمائما اور کیمرون کی ملاقات فلموں اور ڈاکیومنٹریز سے متعلق پیشہ ورانہ کام کے دوران ہوئی۔ کیمرون او ریلی متعدد فلموں اور ڈاکیومنٹریز میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر کام کرچکے ہیں۔
قریبی ذرائع کے مطابق دونوں پہلے دوست بنے اور بعد میں ان کی دوستی محبت میں تبدیل ہوئی۔ ایک ذریعے نے بتایا تھا کہ وہ بطور جوڑا ایک سال سے کچھ زیادہ عرصے سے ساتھ تھے اور کیمرون اپنی نجی زندگی کو منظرعام سے دور رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں، جبکہ جمائما بھی ان کی پرائیویسی کا خاص خیال رکھتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق دونوں کچھ عرصے سے سوئٹزرلینڈ میں کیمرون کی رہائش گاہ اور مغربی لندن میں جمائما کے گھر کے درمیان وقت ساتھ گزارتے تھے۔ جمائما کے خاندان کے کئی افراد، جن میں ان کے بھائی رابن برلی بھی شامل ہیں، کیمرون سے مل چکے ہیں اور ان کے ساتھ اچھے تعلقات قائم ہوگئے تھے۔
کیمرون او ریلی ایک آئرش نژاد آسٹریلوی فنانسر اور کاروباری شخصیت ہیں۔ وہ مرحوم سر انتھونی او ریلی کے بیٹے ہیں اور معروف میڈیا کاروباری شخصیت ہونے کے ساتھ آئرلینڈ کی قومی رگبی ٹیم کے سابق کھلاڑی بھی تھے۔
آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے والے کیمرون نے اپنے ابتدائی پیشہ ورانہ دور میں اپنے خاندان کے میڈیا کاروبار سے وابستہ ہو کر کام کیا۔ وہ آسٹریلوی میڈیا گروپ اے پی این نیوز اینڈ میڈیا کے چیف ایگزیکٹو بھی رہے اور 2000 میں اس عہدے سے الگ ہوگئے۔
Comments
0 comment