4 hours ago
خیبرپختونخوا حکومت کا دی اکنامسٹ کیخلاف عالمی فورم جانے کا اعلان
ویب ڈیسک
|
15 Nov 2025
پشاور : خیبرپختونخوا حکومت نے برطانوی میگزین دی اکانومسٹ کی طرف سے عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف شائع ہونے والی رپورٹ کو مکمل طور پر بے بنیاد اور پروپیگنڈہ قرار دیتے ہوئے عالمی فورم سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات شفیع اللہ خان نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ رپورٹ حقائق سے بالکل خالی ہے اور اس میں نامعلوم ذرائع، گھریلو ملازمین کی باتیں اور سیاسی مخالفین کے الزامات کو سچ بنا کر پیش کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافت کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کی گئی ہے اور گھریلو افواہوں کو سیاسی تجزیہ بنانا شرمناک ہے۔ شفیع اللہ خان نے واضح کیا کہ بشریٰ بی بی پر حکومتی فیصلوں میں مداخلت کا الزام سراسر جھوٹ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ، اقتصادی کمیٹی، قومی سلامتی کمیٹی اور پارلیمانی ریکارڈ اس کی تردید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کبھی کسی سرکاری افسر نے ایسی شکایت نہیں کی۔
شفیع اللہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) عمران خان سے اتنا ڈرتی ہے کہ ہر روز نیا ڈرامہ کرتی ہے۔ عوام نے اس مینڈیٹ چور گروہ کو مسترد کر دیا ہے، اب وہ میڈیا کو اپنے گھٹیا مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتے۔ بشریٰ بی بی کو بے گناہ قید میں رکھا گیا ہے اور اب کردار کشی کی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دی اکانومسٹ کا آرٹیکل صحافت نہیں، سیاسی سازش ہے۔ ہم اس کے خلاف عالمی فورمز پر ضرور جائیں گے۔ عمران خان نے موروثی سیاست ختم کی، جو میگزین بھی لکھے، اپنی ساکھ داؤ پر لگا رہا ہے۔
واضح رہے کہ دی اکانومسٹ نے بشریٰ بی بی کو عمران خان کی حکومت میں اثر و رسوخ استعمال کرنے اور حکومت چلانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سرکاری تقرریوں اور فیصلوں میں "روحانی مشورے" دیتی تھیں۔
Comments
0 comment