10 hours ago
مسجد کے باہر چوہے چھوڑنے والے شخص کو عدالت نے سزا سنادی

ویب ڈیسک
|
18 Jul 2025
شیفیلڈ: برطانیہ کے شہر شیفیلڈ میں واقع جامع مسجد کے باہر جان بوجھ کر جنگلی چوہے چھوڑنے کے جرم میں 66 سالہ ایڈمنڈ فاؤلر کو 18 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق، سی سی ٹی وی فوٹیجز سے ملزم کی شناخت ہوئی، جس میں اسے اپنی کار سے اترتے اور پنجرے سے چوہے نکال کر مسجد کے احاطے میں چھوڑتے دیکھا گیا۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق، فاؤلر نے مئی اور جون کے دوران چار مختلف مواقع پر مسجد کے اندر چوہے چھوڑنے کی کوشش کی۔
شیفیلڈ مجسٹریٹس کورٹ نے اس عمل کو نسلی بنیاد پر ہراسانی قرار دیتے ہوئے فاؤلر کو چار الزامات میں مجرم ٹھہرایا۔
عدالت نے نہ صرف 18 ماہ قید کی سزا سنائی بلکہ رہائی کے بعد مزید 18 ماہ تک اسے کسی بھی مسجد کے قریب جانے سے بھی روک دیا۔
اس واقعے نے سوشل میڈیا پر شدید غم و غصے کو جنم دیا تھا۔ جہاں صارفین نے اسے نسلی تعصب اور انسانیت کے خلاف شرمناک فعل قرار دیا۔
مقامی کمیونٹی نے اس سزا کو انصاف کی جیت قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔
Comments
0 comment