روسی صدر نے یوکرین جنگ روکنے کا اعلان کردیا، آرمی چیف کو ہدایت

ویب ڈیسک
|
19 Apr 2025
ماسکو: روس کے صدر ویلادیمیر پیوٹن نے یوکرین جنگ روکنے کا اعلان کردیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایسٹر کے موقع پر یوکرین میں یکطرفہ جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے روسی فورسز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ہفتے کی شام 6 بجے سے اتوار کی شام تک تمام عسکری کارروائیاں معطل کر دیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق، کریملن میں روسی صدر پیوٹن اور آرمی چیف ویلیری گیراسیموف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پیوٹن نے کہا کہ یہ اقدام انسانی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے تاکہ ایسٹر کے دوران امن کا پیغام دیا جا سکے۔
پیوٹن کا کہنا تھا کہ "ہم یوکرین سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں کہ وہ اس جنگ بندی کی مثال پر عمل کرے گا، لیکن اگر دشمن کی جانب سے کسی قسم کی اشتعال انگیزی یا جارحیت کی گئی تو ہماری افواج مکمل طور پر جواب دینے کے لیے تیار ہوں گی۔"
روسی صدر نے واضح طور پر حکم دیا ہے کہ ہفتے کی شام 6 بجے سے اتوار کی شام تک روسی فوج کوئی عسکری کارروائی نہیں کرے گی۔
پیوٹن نے اپنے آرمی چیف کو خبردار کیا کہ جنگ بندی کے دوران اگر یوکرین کی طرف سے کوئی خلاف ورزی یا جارحانہ اقدام کیا گیا تو روسی افواج فوری اور مؤثر ردعمل کے لیے تیار رہیں۔
Comments
0 comment