سعودی فرمانروا نے شہید فلسطینیوں کے اہل خانہ کو شاہی مہمان کی حیثیت سے حج پر بلا لیا

سعودی فرمانروا نے شہید فلسطینیوں کے اہل خانہ کو شاہی مہمان کی حیثیت سے حج پر بلا لیا

سعودی فرمانروا نے رواں سال دنیا بھر سے 1300 افراد کو شاہی مہمان کی حیثیت سے مدعو کیا ہے
سعودی فرمانروا نے شہید فلسطینیوں کے اہل خانہ کو شاہی مہمان کی حیثیت سے حج پر بلا لیا

ویب ڈیسک

|

28 May 2024

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے غزہ میں اسرائیل کے ہاتھوں جاری نسل کشی میں شہید ہونے والے ایک ہزار فلسطینیوں کے لواحقین کو شاہی مہمان کی حیثیت سے حج کی دعوت دے دی۔

سعودی پریس ایجنسی (SPA) کے مطابق خادم الحرمین الشریفین نے فلسطینی خاندانوں سمیت 88 سے زائد ممالک کے 1,300 عازمین کی شاہی میزبانی کا حکم جاری کیا۔

شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے شاہی دعوت نامے پر آنے والے عازمین کا خود استقبال کریں گے جبکہ ایسے تمام افراد کیلیے خصوصی اہتمام بھی کیا جائے گا۔ 

حکم نامے میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ دونوں مقدس مساجد کے متولی کے مہمانوں کی ان کے ملک سے روانگی سے لے کر مملکت میں آمد تک ان کی دیکھ بھال کے لیے حکمت عملی کا منصوبہ بنائیں۔ یہ اعلان اسرائیلی فوج کی جانب سے رفح پر 60 سے زائد حملوں کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے، جس میں درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

تازہ ترین حملے میں اسرائیلیوں نے رفح میں بے گھر ہونے والے شہریوں کے کیمپ پر حملہ کیا ہے جس میں تقریباً 45 افراد جھلس کر شہید ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ حماس کی جانب سے کیے جانے والے حملے کے بعد اسرائیل نے 7 اکتوبر سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس میں اب تک شہید ہونے والے افراد کی تعداد 36 ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ 80 ہزار 700 کے قریب شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!