4 hours ago
سڈنی حملہ، حملہ آور باپ بیٹے کے حوالے سے اہم انکشافات
ویب ڈیسک
|
15 Dec 2025
آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے بونڈی بیچ میں پیش آنے والے فائرنگ کے ہولناک واقعے سے متعلق اہم تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق حملے میں ملوث افراد کی شناخت کر لی گئی ہے، جو باپ اور بیٹا تھے۔
ساؤتھ ویلز پولیس کمشنر نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کے دوران ایک حملہ آور ہلاک ہو گیا، جبکہ دوسرا شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔ اس واقعے میں 16 افراد جان سے گئے جبکہ تقریباً 40 افراد زخمی ہوئے۔ فائرنگ اتوار کے روز سڈنی کے بونڈی بیچ پر ایک یہودی مذہبی تقریب کے دوران کی گئی۔
نیو ساؤتھ ویلز پولیس کمشنر کے مطابق حملہ آوروں کی شناخت 50 سالہ ساجد اکرم اور 24 سالہ نوید اکرم کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے انکشاف کیا کہ دونوں افراد گزشتہ دس برس سے قانونی طور پر اسلحہ رکھتے تھے اور ان کے پاس باقاعدہ لائسنس موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ہلاک حملہ آور اسٹوڈنٹ ویزا پر آسٹریلیا آیا جبکہ 24 سالہ گرفتار شخص کی پیدائش آسٹریلیا میں ہوئی اور وہ یہی کا شہری ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے حملہ آور کے قبضے سے چھ مختلف ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں، جبکہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
مزید برآں، آسٹریلوی پولیس نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ ہلاک حملہ آور سے منسلک ایک گاڑی سے دیسی ساختہ دھماکا خیز آلہ (IED) بھی برآمد ہوا ہے۔
پولیس کمشنر مال لینن نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دھماکا خیز مواد کی موجودگی نے واقعے کی سنگینی کو مزید بڑھا دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی ادارے واقعے کے پس منظر، محرکات اور ممکنہ روابط کی مکمل چھان بین کر رہے ہیں، جبکہ شہر میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
Comments
0 comment