1 hour ago
سڈنی میں حملہ آور کو قابو کرنے والے مسلم شہری کیلیے ٹرمپ کے تعریفی کلمات
Webdesk
|
15 Dec 2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سڈنی کے بونڈی بیچ میں ہونے والی خونریز فائرنگ کے دوران ایک حملہ آور کو قابو کرنے والے شہری کی جرات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بہادر شخص کی وجہ سے کئی قیمتی جانیں بچ گئیں۔
صدر ٹرمپ کے مطابق ایک عام شہری نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلح حملہ آور پر سامنے سے حملہ کیا اور صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روک دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ شخص اس وقت شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہے اور وہ اس کے اقدام پر دلی احترام رکھتے ہیں۔ ٹرمپ نے جلد صحت یابی کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اگرچہ صدر ٹرمپ نے نام نہیں لیا، تاہم مقامی میڈیا نے اس شہری کی شناخت 43 سالہ احمد الٰاحمد کے طور پر کی ہے، جن کا تعلق شامی نژاد بتایا جاتا ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ احمد الٰاحمد پارکنگ ایریا سے دوڑتے ہوئے ایک مسلح شخص کی جانب بڑھتے ہیں اور پیچھے سے اسے قابو میں کر کے اس سے رائفل چھین لیتے ہیں۔
یہ واقعہ ایک یہودی تہوار کے دوران پیش آیا، جہاں اچانک فائرنگ سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ حکام کے مطابق اس حملے میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ متعدد زخمی ہیں۔
عینی شاہدین اور حکام کا کہنا ہے کہ اگر بروقت شہری مداخلت نہ ہوتی تو ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا تھا۔ا
Comments
0 comment