7 hours ago
شمالی بھارت میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے درجنوں افراد ہلاک

Webdesk
|
8 Jul 2025
نئی دہلی : نائب وزیر اعلی مکیش اگنی ہوتری کے مطابق شمالی ہندوستان کی ریاست ہماچل پردیش میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے کم از کم 72 افراد ہلاک ہو گئے ۔
میڈیارپورٹس کے مطابق مکیش اگنی ہوتری نے بتایا کہ ہماچل پردیش میں مون سون کی بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے جس میں 72 افراد ہلاک ہوگئے ، ریاستی حکومت نے بھاری سامان تعینات کیا ہے اور ہم بڑے پیمانے پر سڑکوں، پانی اور بجلی کے نیٹ ورکس کی مرمت کے لیے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں امدادی کیمپ اور خوراک کی تقسیم کے مراکز قائم کیے گئے ہیں، مزید شدید بارشوں کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔ہماچل پردیش میں دو ہفتوں سے زیادہ عرصے سے مون سون کے موسم کے ساتھ ہی موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔
ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اعلان کیا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں سے 269 سڑکیں بند ہیں۔ 285 پاور ٹرانسفارمر گرے ہوئے ہیں اور 278 واٹر سپلائی سسٹم بند ہیں۔
بھارتی حکام نے جھارکھنڈ ریاست کے 12 اضلاع کے لیے شام 5:30 بجے تک فلڈ وارننگ جاری کی ہے۔ یہ انتباہ ہندوستان کے محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار کی طرف سے جاری کیا گیا ہے کیونکہ مشرقی ریاست کے بڑے حصوں میں بھاری سے درمیانے درجے کی بارشیں ہوئی ہیں۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ بلیٹن کے مطابق سیلاب کے خطرے سے دوچار اضلاع گڑھوا، پلامو، لاتیہار، لوہردگا، جملا، سمڈیگا، کھنٹی، رانچی، بوکارو، سرائیکیلا، اور مغربی اور مشرقی سنگھ بھوم ہیں۔
Comments
0 comment