اسرائیل کا غزہ پر قبضے کیلیے بھرپور آپریشن شروع

اسرائیل کا غزہ پر قبضے کیلیے بھرپور آپریشن شروع

عالمی براداری اور امریکا کا اظہار تشویش
اسرائیل کا غزہ پر قبضے کیلیے بھرپور آپریشن شروع

ویب ڈیسک

|

17 May 2025

اسرائیلی وزیراعظم کے اعلان کے مطابق صہیونی فوج نے غزہ کے کئی علاقوں پر قبضے اور حماس کو ’شکست دینے کے لیے‘ ایک وسیع آپریشن شروع کردیا ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اسرائیلی فورسز نے عبرانی زبان میں پیغام جاری کیا جس میں لکھا گیا ہے کہ غزہ کے پٹی کے سٹریٹیجک علاقوں پر قبضے کے لیے فوجی دستے فعال کیے ہیں۔

اُدھر فلسطینی سول ڈیفنس اور وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات سے اسرائیلی حملوں میں قریب 250 افراد شہید ہوئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ  آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک حماس کا خطرہ نہ ٹل جائے اور تمام یرغمالی واپس رہا نہیں کیے جاتے۔

اسرائیلی فورسز نے آپریشن کے نام پر گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی میں دہشتگردی کے 150 ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

اسرائیل نے غزہ کی سرحد کے قریب فوجی دستوں کو الرٹ کیا ہے۔ آپریشن کے اعلان سے بظاہر یہ تاثر ملتا ہے کہ جنگ بندی اور مذاکرات کی کوششیں ناکام ہوئی ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اس آپریشن کے تحت اسرائیلی فوج غزہ کے کئی علاقوں پر قبضہ کرے گی، عام شہریوں کو جنوبی غزہ منتقل کیا جائے گا، حماس پر حملے کیے جائیں گے اور حماس کی جانب سے امدادی سامان پر قبضے کو روکا جائے گا۔

اقوام متحدہ انسانی حقوق کے چیف وولکر ٹرک نے متنبہ کیا کہ اسرائیل کی جانب سے تناؤ میں حالیہ اضافے کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی سمجھا جائے گا۔ امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا کو اس صورتحال پر تشویش ہے۔

پیر کو اقوام متحدہ کے حمایت یافتہ جائزے میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ غزہ کی آبادی قحط کے خطرے سے دوچار ہے۔ اسرائیلی حکومت نے غزہ میں خوراک کی کمی کے دعوؤں کی تردید کی ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!