8 hours ago
اسرائیلی وزیر اعظم کی ہٹ دھرمی، غزہ میں فائنل راؤنڈ شروع کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک
|
14 May 2025
قاہرہ: اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے غزہ میں فائنل راؤنڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج آنے والے دنوں میں غزہ میں "مکمل طاقت" کے ساتھ داخل ہوگی۔
منگل کو نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "آنے والے چند دنوں میں ہم مکمل طاقت کے ساتھ آپریشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔"
نیتن یاہو نے پیر کو اپنے دفتر میں زخمی ریزرو فوجیوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ "آپریشن کو مکمل کرنے کا مطلب ہے حماس کو شکست دینا۔ اس کا مطلب ہے حماس کو تباہ کرنا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "ایسا کوئی موقع نہیں آئے گا جب ہم جنگ روکیں گے۔ عارضی جنگ بندی ہو سکتی ہے، لیکن ہم آخر تک جائیں گے۔"
اسرائیل نے 18 مارچ کو غزہ میں بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا جبکہ 19 جنوری کی جنگ بندی کے بعد سے مذاکرات جامد ہو چکے تھے۔
رواں ماہ کے آغاز پر اسرائیلی حکومت نے غزہ میں فوجی کارروائیوں کو وسعت دینے کے منصوبوں کو منظوری دی تھی، جبکہ حکام طویل المدتی موجودگی کی بات کر رہے ہیں۔
فوجیوں سے ملاقات کے دوران نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل ان ممالک کو تلاش کر رہا ہے جو غزہ کی پٹی سے فلسطینیوں کو پناہ دے سکیں۔
انہوں نے کہا کہ "ہم نے ایک انتظامیہ قائم کی ہے جو انہیں (غزہ کے رہائشیوں) کو جانے کی اجازت دے گی... لیکن ہمیں ان ممالک کی ضرورت ہے جو انہیں پناہ دیں۔ ہم ابھی اسی پر کام کر رہے ہیں۔"
Comments
0 comment