ایران میں نامعلوم افراد نے 9 پاکستانی مزدوروں کو قتل کردیا

ایران میں نامعلوم افراد نے 9 پاکستانی مزدوروں کو قتل کردیا

مقتولین کا تعلق پنجاب سے تھا اور تمام سیستان بلوچستان میں مزدوری کررہے تھے، پاکستانی سفیر
ایران میں نامعلوم افراد نے 9 پاکستانی مزدوروں کو قتل کردیا

Webdesk

|

27 Jan 2024

ایران کے صوبے سیستان میں نامعلوم مسلح افراد نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 مزدوروں کو قتل جبکہ تین کو زخمی کردیا۔

تہران میں تعینات پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے اس حوالے سے افسوسناک خبر سناتے ہوئے بتایا کہ واقعہ ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان کے شہر سرکان میں پیش آیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے 9 پاکستانی مزدوروں کو گولیاں مار کر قتل کیا، تمام مقتولین کا تعلق پنجاب صوبے سے ہے۔

ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام میں کہا کہ پاکستانیوں کے ہولناک قتل پر گہرا صدمہ ہے، پاکستانی سفارتخانہ سوگوار خاندانوں کی مکمل مدد کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ زاہدان میں پاکستانی قونصل جنرل جائے وقوعہ اور اسپتال کا دورہ کر چکے ہیں اور تمام صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

اس واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔

مرنے والوں میں سے پانچ مزدوروں کا تعلق علی پور، دو کا لودھراں اور دو کا بہالپور سے تھا۔ ذرائع کے مطابق مقتولین ایران میں گاڑیوں کی مرمت (ڈینٹنگ، پینٹنگ) کا کام کرتے تھے۔

تمام مزدور کمرے میں سورہے تھے کہ اس دوران نامعلوم افراد نے کمرے میں داخل ہوکر انہیں پہلے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر گولیاں مار کر قتل کردیا، واقعہ گزشتہ شب پیش آیا اور صبح غیر حاضری پر کمرے میں جاکر دوسرے ساتھیوں نے دیکھا تو کمرا خون سے بھرا ہوا تھا۔

مرنے والوں میں سگے ماموں اور بھانجھا بھی شامل ہیں، زبیر اور اسکا بھانجا ابوبکر ایک ساتھ کام کررہے تھے۔

مقتول زبیر کے بھائی محسن نے بتایا کہ بھائی اور بھانجا کئی سالوں سے بغیر ویزے کے بارڈر کراس کرکے ایران کے علاقے سری کان آتے جاتے رہتے تھے، میرے بھائی اور بھانجے کی لاشیں فوری طور پر ہمارے گھر پہنچائی جائیں۔

علی پور سے تعلق رکھنے والے پانچ مزدوروں کی شناخت محمد آصف، محمد اصغر، محمد اختر، محمد شعیب اور شبیر کے نام سے ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب پاکستان اور ایران کے سفارتی تعلقات ایک روز قبل مکمل بحال ہوئے اور پاکستانی سفیر نے چند گھنٹوں قبل ہی تہران میں جاکر اپنے عہدے کا چارج سنبھالا جبکہ ایران کے سفیر نے بھی آج اسلام آباد میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!