13 hours ago
پوپ فرانسس کی آخری رسومات میں ٹرمپ سو گئے

ویب ڈیسک
|
27 Apr 2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے پوپ فرانسس کے جنازے میں شرکت کی، جہاں انہیں سینٹ پیٹرز اسکوائر میں اگلی صف میں براجمان دیکھا گیا۔ اس موقع پر دنیا بھر کے 50 سے زائد رہنماؤں اور معززین نے تقریب میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران صدر ٹرمپ کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں وہ سر جھکائے اور آنکھیں بند کیے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس تصویر نے انٹرنیٹ پر بحث چھیڑ دی، اور صارفین نے تبصرہ کیا کہ 78 سالہ صدر غالباً تقریب کے دوران سو گئے تھے۔
صدر ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ کو اسٹونیا کے صدر آلار کاریس اور فرانس کے صدر ایمانویل میکرون کے قریب بیٹھے دیکھا گیا۔ جنازے کی تقریب کھلی فضاء میں سینٹ پیٹرز اسکوائر میں منعقد ہوئی۔
ٹرمپ نے اس موقع پر روایتی سیاہ لباس کی بجائے نیلا سوٹ زیب تن کیا، جو کہ سوگ کی تقریبات میں مروجہ ڈریس کوڈ کے برخلاف تھا۔ فارچون میگزین کے مطابق، ٹرمپ کا یہ انتخاب کئی حلقوں میں توجہ کا باعث بنا۔
اس سے قبل صدر ٹرمپ نے پوپ فرانسس کے تابوت کے سامنے کھڑے ہو کر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔
علاوہ ازیں، اس موقع پر ٹرمپ اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے درمیان ایک ون آن ون ملاقات بھی ہوئی، جو فروری میں وائٹ ہاؤس میں ہونے والی تلخ جھڑپ کے بعد ان کی پہلی براہِ راست ملاقات تھی۔
Comments
0 comment