عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 78 ڈالر سے نیچے آگئی
Webdesk
|
5 Aug 2026
دبئی: امریکا اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے سے متعلق ممکنہ معاہدے کی امید نے عالمی تیل مارکیٹ میں بڑی ہلچل پیدا کر دی ہے، مثبت سفارتی اشاروں کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے عالمی توانائی منڈی میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے بیان کے بعد عالمی معیار کے برینٹ خام تیل کی قیمت پہلی مرتبہ 13 جولائی کے بعد 78 ڈالر فی بیرل سے نیچے آ گئی،عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت78.30ڈالر فی بیرل تک گر گئی۔
اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد یہ74.50ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی جو گزشتہ تین ہفتوں کی کم ترین سطحوں میں شمار ہوتا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق اسکاٹ بیسنٹ نے سی این بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق معاہدہ آج یا کل طے پانے کا امکان ہے، ان کے اس بیان نے عالمی مالیاتی اور توانائی کی منڈیوں میں مثبت ردعمل پیدا کیا اور سرمایہ کاروں نے تیل کی خرید و فروخت کے فیصلوں پر نظرثانی شروع کر دی۔
Comments
0 comment