بجلی صارفین کیلیے خوشخبری، بنیادی ٹیرف کم اور فکس ٹیکس ختم ہونے کا امکان

بجلی صارفین کیلیے خوشخبری، بنیادی ٹیرف کم اور فکس ٹیکس ختم ہونے کا امکان

حکومت کی جانب سے اس فیصلے کا مقصد زیادہ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو ریلیف دینا ہے
بجلی صارفین کیلیے خوشخبری، بنیادی ٹیرف کم اور فکس ٹیکس ختم ہونے کا امکان

ویب ڈیسک

|

7 Feb 2026

وفاقی حکومت نے بجلی کے نرخوں سے متعلق ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے بنیادی ٹیرف میں کمی اور فکسڈ چارجز کے نظام میں تبدیلی کی تجویز پیش کر دی ہے۔

حکومت کی جانب سے اس فیصلے کا مقصد زیادہ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو ریلیف دینا اور چارجز کے نظام کو نئے طریقہ کار کے تحت ترتیب دینا ہے۔

ذرائع کے مطابق نئی تجویز کے تحت ماہانہ 300 سے 700 یونٹ اور اس سے زائد بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی سستی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

اس کے ساتھ ہی پہلی بار 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر بھی فکسڈ چارجز عائد کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

تجویز کے مطابق فکسڈ چارجز اب پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں طرح کے صارفین پر لاگو ہوں گے، جبکہ اس سے قبل یہ چارجز صرف زیادہ بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین سے وصول کیے جاتے تھے۔

مجوزہ منصوبے کے تحت پروٹیکٹڈ صارفین میں ماہانہ 100 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں پر 200 روپے اور 200 یونٹ استعمال کرنے والوں پر 300 روپے فکسڈ چارجز عائد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

دوسری جانب نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے 100 یونٹ تک استعمال پر 275 روپے، 200 یونٹ تک 300 روپے اور 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے پر 350 روپے فکسڈ چارجز تجویز کیے گئے ہیں۔

اسی طرح زیادہ بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے بھی فکسڈ چارجز میں رد و بدل کی تجویز ہے۔ 400 یونٹ تک استعمال پر فکسڈ چارجز 400 روپے، 500 یونٹ پر 500 روپے اور 600 یونٹ پر 675 روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ 700 یونٹ اور اس سے زائد استعمال کرنے والے صارفین کے فکسڈ چارجز کم کر کے 675 روپے کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کے حوالے سے تجویز میں بتایا گیا ہے کہ ماہانہ 400 یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو فی یونٹ ایک روپے 53 پیسے، 500 یونٹ تک ایک روپے 25 پیسے، 600 یونٹ تک ایک روپے 40 پیسے اور 700 یونٹ تک استعمال پر 91 پیسے فی یونٹ ریلیف دیا جائے گا۔

اسی طرح سے 700 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے فی یونٹ 49 پیسے کمی کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تجویز میں کمرشل صارفین کے لیے بھی ریلیف شامل ہے، جس کے تحت 5 کلو واٹ یا اس سے زیادہ لوڈ رکھنے والے کمرشل صارفین کو فی یونٹ ایک روپے 15 پیسے رعایت دینے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ صنعتی شعبے کے لیے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 5 روپے تک کمی کی تجویز سامنے آئی ہے۔

پاور ڈویژن نے وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد یہ درخواست نیپرا میں جمع کرا دی ہے، جس پر نیپرا 10 فروری کو سماعت کرے گا۔ فیصلے کی منظوری کے بعد بجلی صارفین کو بلوں میں واضح فرق نظر آنے کی توقع ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!