کراچی کی مویشی منڈی میں جانوروں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں

Webdesk
|
25 May 2025
کراچی میں نادرن بائی پاس پر قائم مویشی منڈی میں قربانی کے لیے لائے گئے جانوروں کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔یہ منڈی ملک کی سب سے بڑی مویشی منڈی ہے جہاں گائے، بیل، بکرے، اونٹ اور دنبے فروخت کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں۔
منڈی میں جانوروں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، بکرے کی قیمت 80 ہزار روپے سے شروع ہو کر سوا لاکھ تک پہنچ رہی ہے۔چھوٹی گائے کی قیمت ڈیڑھ لاکھ روپے تک ہے، جبکہ بڑے جانور 2 لاکھ سے 5 لاکھ روپے تک فروخت ہو رہے ہیں، کچھ ہیوی جانوروں کی قیمتیں لاکھوں روپے تک پہنچ گئی ہیں۔
متوسط طبقے کے افراد سستے جانوروں کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں، جنرل بلاکس میں ڈیڑھ من کا جانور ایک لاکھ 60 ہزار روپے اور ساڑھے تین من کا جانور دو لاکھ 25 ہزار روپے میں دستیاب ہے۔
منڈی میں ساڑھے تین سے چار لاکھ جانور رکھنے کی گنجائش ہے۔ انتظامیہ نے اس سال منڈی میں 20 بلاکس قائم کیے ہیں، جن میں سے 16 جنرل بلاکس اور 4 وی آئی پی بلاکس شامل ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر مویشی منڈی فیصل علی کے مطابق مویشی منڈی میں ساڑھے تین سے 4 لاکھ جانور رکھنے کی گنجائش ہے۔منڈی میں پانی، بجلی اور صفائی کی بہتر فراہمی کی گئی ہے، اور ویٹرنری سروسز بھی دستیاب ہیں۔
ملک بھر سے قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ گائے، بیل، بکرے، اونٹ اور دنبے کی فروخت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ عید الاضحی کے قریب آنے کے ساتھ ہی منڈی میں خریداری میں مزید تیزی متوقع ہے۔
Comments
0 comment