اسٹاک مارکیٹ نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
ویب ڈیسک
|
8 Dec 2023
پاکستان کے معاشی حالات بہتری کی جانب بڑھنے کے نتیجے میں نہ صرف روپے کی قدر مستحکم ہورہی ہے بلکہ اسٹاک مارکیٹ بھی روزانہ نئی بلند ترین سطح پر پہنچ رہی ہے۔
کاروباری ہفتے کے پانچویں یعنی جمعے کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بڑی نوعیت کی تیزی کا تسلسل برقرار رہی جس سے مارکیٹ یومیہ بنیادوں پر تاریخ کی نئی بلندیوں کو چھوگیا اور کاروبار کے پہلے سیشن میں تیزی کی بڑی لہر کے بعد دوسرے سیشن میں بھی مزید تیزی برقرار رہی جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس کی یکے بعد دیگرے 65ہزار اور 66ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطحیں بھی عبور ہوگئیں۔
تیزی کے سبب 65فیصد حصص کی قیمتیں بڑھگئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 1کھرب 83ارب 14کروڑ 39لاکھ 37ہزار 30روپے کا اضافہ ہوگیا، کاروبار کے دونوں سیشنز میں بڑی نوعیت کی تیزی رہی البتہ ایک موقع پر انڈیکس 65055پوائنٹس کی کم سطح پر بھی آگیا تھا۔
مارکیٹ میں مقامی و غیر ملکیوں کی بینکنگ، ریفائنری ٹیلی کام، آئل اینڈ گیس انشورنس سمیت دیگر شعبوں میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری سے مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن رہا۔
جنوری کے دوسرے ہفتے میں آئی ایم ایف بورڈ اجلاس میں 700ملین ڈالر کی قسط کی منظوری، مزید انفلوز آنے کی توقعات اور ڈالر کی قدر میں بتدریج کمی کے رحجان جیسے عوامل، شعبہ جاتی بنیادوں پر خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے کیپیٹل مارکیٹ میں یومیہ بنیادوں پر تاریخ ساز بلندیوں کے نئے ریکارڈز بن رہے ہیں۔
تیزی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1505.55پوائنٹس کے اضافے سے 66223.63پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، کے ایس ای 30 انڈیکس 529.05پوائنٹس کے اضافے سے 22123.15پوائنٹس پر بند ہوا، کے ایم آئی 30 انڈیکس 1551.44پوائنٹس کے اضافے سے 111194.57پوائنٹس اور کے ایم آئی آل شئیر انڈیکس 485.61 پوائنٹس کے اضافے سے 32122.87 پوائنٹس پر بند ہوا۔
کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 9.89فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 1ارب 32کروڑ 95لاکھ 50ہزار 91 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 395 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 257 کے بھاو میں اضافہ 127 کے داموں میں کمی اور 11 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں نیسلے پاکستان بھاو 200.02روپے بڑھکر 8900روپے اور سفائر فائبرز بھاؤ 97.31روپے بڑھکر 1505روپے ہوگئے جبکہ یونی لیور فوڈز کے بھاو 599.75روپے گھٹ کر 21600.25 روپے اور اسماعیل انڈسٹری کے بھاو 95روپے گھٹ کر 1300روپے ہوگئے۔
Comments
0 comment