12 hours ago
امریکی حکمت عملی سے یورپ کے سیاسی نظام کو خطرہ لاحق ہے، فرانس
Webdesk
|
10 Jan 2026
پیرس: فرانسیسی وزیرِ خارجہ ژاں نوئل بارونے کہا ہے کہ یورپ کا سیاسی نظام ایک غیر متوقع دنیا میں اپنے استحکام ، بے پناہ سائنسی، تکنیکی اور ثقافتی دولت کے باوجود آج خطرے میں ہے اور یہ خطرہ اسے امریکا کی قومی سلامتی کی نئی حکمت عملی کی وجہ سے لاحق ہے۔
بیرون ملک تعینات فرانس کے سفیروں سے اپنے سالانہ خطاب میں انہوں نے کہا کہ دسمبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جاری کردہ امریکا کی قومی سلامتی حکمت عملی نے یورپ پر ایک وحشیانہ حملہ کیا جس میں کہا گیا کہ اسے دنیا کے دیگر خطوں سے نقلِ مکانی کر کے آنے والوں سے اپنی تہذیب کی معدومیت کے خطرے کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے باوجود یورپ تہذیبی معدومیت کے دہانے پر نہیں ہے اور یہ دعوی کرنے والی متکبر آوازوں کے لیے بہتر ہو گا کہ وہ اپنی معدومیت کے خطرات پر توجہ دیں لیکن ان کے خیال میں یورپی یونین کو خطرہ بیرونی مخالفین سے ہے جو ہمیں متحد کرنے والے یکجہتی کے رشتے توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اندر سے جمہوریت کے کمزور پڑنے سے خطرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ ہم آئندہ دس سالوں میں بدستور یورپی یونین کے اندر رہیں گے۔انہوں نے امریکا کو ایسا اتحادی قرار دیا جس کے ساتھ ہماری ہمیشہ مطابقت نہیں ہوتی۔
فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ نئی امریکی انتظامیہ نے چند ہی مہینوں میں فیصلہ کیا اور یہ اس کا حق ہے کہ وہ ہمیں باہم ملانے والے تعلقات پر نظرِ ثانی کریلیکن پھر ہمارا بھی یہ حق بھی ہے کہ جب کسی تاریخی اتحادی کی کوئی تجویز قابلِ قبول نہ ہو اور جب ہمارا انکار کرنا ضروری ہو جائے تو انکار کر دیں خواہ اس کے ساتھ ہمارے تعلقات کتنے ہی تاریخی ہوں ۔
Comments
0 comment