12 hours ago
عازمین حج سے متعلق شرائط کو حتمی شکل دینے کے منصوبے کا اعلان
Webdesk
|
10 Jan 2026
ریاض: سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے عازمینِ حج 2026 کے لیے عازمین حج سے متعلق شرائط کو حتمی شکل دینے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
یہ مرحلہ حاجیوں سے متعلق سعودی ادارے نسک کے ذریعے بروئے کار آئے گا تاکہ مختلف ملکوں کی طرف سے عازمین حج کے لیے بنائے گئے پروگرام ، خدمات کے معیار، انتظامات اور حج سے متعلق اخراجات کا جائزہ لیا جا سکے۔
وزارت حج کا کہنا تھاکہ یہ منصوبہ حاجیوں کی مدد کے لیے تیار کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنی مرضی کے آپشنز کو اختیار کر کے قبل از وقت سرکاری حکام سے بکنگ کروا سکیں ، حاجیوں کے لیے خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو بھی حج سے متعلق آگاہی ہوسکے گی۔
اس سلسلے میں اس ادارے کی طرف سے عازمین حج کے لیے ڈیجیٹل آلات کے استعمال کی سہولیات بھی شامل کی گئی ہے، اس میں مختلف حج پیکجز کا موازنہ، قسطوں پر رقم جمع کرانے کی آن لائن سہولت اور خدمات فراہم کرنے والی سرکاری طور پر منظور شدہ کمپنیوں کی فہرست تک رسائی بھی شامل ہے۔
وزرات حج نے عازمین پر زور دیا ہے کہ وہ اس پلیٹ فارم پر اپنی معلومات کو رجسٹر کرائیں یا اپڈیٹ کریں، اس کے ساتھ ساتھ اپنی ذاتی معلومات اور دستاویزات کی درستگی کو یقینی بنائیں۔
عازمین حج کو بھی اسی درخواست کے ذریعے اپنے خاندان کے ارکان کو بھی شامل کرنے کی ترغیب دی گئی ہے تاکہ تصدیق سے متعلق امور کو آسان بنایا جا سکے اور حج درخواستوں کی منظوریوں کو بھی تیز کیا جاسکے۔
وزارت حج نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ نسک براہ راست حج پروگرام کے تحت آنے والے ممالک میں حج خدمات کا واحد سرکاری طور پر منظور شدہ پلیٹ فارم ہے اور بلا اجازت کام کرنے والی اور غیر منظور شدہ کمپنیوں کے حوالے سے عازمین حج خبردار بھی کیا ہے۔
وزارت کا کہنا تھا کہ تمام ڈیپازٹس اور بکنگ کو اسی پلیٹ فارم کے ذریعے ہی ہونا چاہیے تاکہ عازمین حج کے حقوق کے تحفظ اور مناسب طریقہ کار کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس اعلان کا اطلاق صرف ان ممالک پر ہوگا جو براہ راست حج پروگرام میں شامل ہیں۔
Comments
0 comment