بھارت کا گھبراہٹ میں پاکستان کیخلاف ایک اور بڑا فیصلہ

ویب ڈیسک
|
3 May 2025
نئی دہلی: بھارت نے جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں حملے کے بعد پاکستان کے خلاف سخت اقتصادی اقدام اٹھاتے ہوئے پاکستان سے تمام درآمدات پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔
بھارت کے وزارت تجارت و صنعت کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ (DGFT) نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ "پاکستان سے آنے والی یا وہاں سے برآمد ہونے والی تمام اشیا کی براہ راست یا بالواسطہ درآمد پر فوری پابندی عائد کی جاتی ہے۔"
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندی فارن ٹریڈ پالیسی 2023 میں ترمیم کرکے نافذ کی گئی ہے اور "حکم ثانی تک" جاری رہے گی۔ بین الاقوامی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق دونوں مملک کے درمیان اربوں روپے کی درآمدات ہوتی تھیں۔
بھارت نے یہ قدم 22 اپریل کو پہلگام حملے کے بعد اٹھایا جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں زیادہ تر سیاح تھے۔
اس سے قبل بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کیا تھا اور اٹاری-واہگہ بارڈر بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ تمام پاکستانیوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایت بھی کی تھی۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان تجارت پہلے ہی محدود تھی، لیکن یہ پابندی دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا کرے گی۔
پاکستان سے بھارت آنے والی اہم اشیا میں کھجور، گری دار میوے، کپاس اور کیمیکلز شامل ہیں۔
یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کو مزید بڑھا سکتا ہے، جس پر عالمی برادری کی جانب سے ردعمل سامنے آ سکتا ہے۔
Comments
0 comment