یوم پاکستان سے متعلق دلچسپ معلومات، 23 مارچ کو آزادی کے 10 سال بعد اہمیت کیسے ملی؟

یوم پاکستان سے متعلق دلچسپ معلومات، 23 مارچ کو آزادی کے 10 سال بعد اہمیت کیسے ملی؟

پہلی بار یوم پاکستان مارشل لا کے دور میں منایا گیا
یوم پاکستان سے متعلق دلچسپ معلومات، 23 مارچ کو آزادی کے 10 سال بعد اہمیت کیسے ملی؟

ویب ڈیسک

|

23 Mar 2025

23 مارچ 1940 کو قرارداد پاکستان کی منظوری کے بعد سے ہر سال یوم پاکستان قوم کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے۔ تاہم، یہ دن قیام پاکستان کے فوری بعد سے نہیں منایا جاتا تھا۔

درحقیقت، پہلی بار یوم پاکستان 23 مارچ 1959 کو منایا گیا، جب ملک میں جنرل ایوب خان کی زیرقیادت مارشل لا نافذ تھا۔   قیام پاکستان کے بعد 1948 سے 1955 تک 23 مارچ کو عام دن کی طرح منایا جاتا تھا۔

تاہم، 23 مارچ 1956 کو صدر اسکندر مرزا اور وزیراعظم چوہدری محمد علی کی قیادت میں پاکستان کا پہلا آئین نافذ ہوا۔ اس تاریخی موقع کو یادگار بنانے کے لیے حکومت نے فیصلہ کیا کہ اب ہر سال 23 مارچ کو یوم جمہوریہ کے طور پر منایا جائے گا۔  

پہلے یوم جمہوریہ کے موقع پر حکومت نے کئی ریلیف پیکجز کا اعلان کیا، جن میں مشرقی پاکستان کے کسانوں اور دستکاروں کے قرضے معاف کرنے، سینما گھروں میں مفت شو کا اہتمام، اور قیدیوں کی سزاؤں میں کمی جیسے اقدامات شامل تھے۔ اس دن کی تقریبات کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، جس کے بعد کراچی کے پولو گراؤنڈ میں فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر صدر، وزیراعظم، اور 35 ممالک کے نمائندے موجود تھے۔  

 

دوسرے یوم جمہوریہ (1957) کے موقع پر پہلی بار فوجی افسران اور جوانوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔ نشان حیدر کیپٹن محمد سرور شہید کو دیا گیا، جبکہ ہلال جرأت اور دیگر اعزازات کئی فوجی افسران کو عطا کیے گئے۔  

 

یوم جمہوریہ کا سلسلہ 1958 تک جاری رہا، لیکن اکتوبر 1958 میں مارشل لا نافذ ہونے کے بعد آئین معطل ہوگیا۔ اس کے بعد جنرل ایوب خان کی حکومت نے فیصلہ کیا کہ اب 23 مارچ کو قرارداد پاکستان کی یاد میں یوم پاکستان کے طور پر منایا جائے گا۔ لہٰذا، 23 مارچ 1959 کو پہلی بار یوم پاکستان منایا گیا، جس میں فوجی پریڈ اور اعزازات تقسیم کرنے کی روایت شروع ہوئی۔  

 

آج بھی یوم پاکستان قوم کے عزم اور یکجہتی کا مظہر ہے، جسے ہر سال جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔ یہ دن نہ صرف ہمارے ماضی کی یاد دلاتا ہے بلکہ مستقبل کے لیے نئے عزم کا پیغام بھی دیتا ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!