بنگلہ دیش کے لٹن داس زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے
Webdesk
|
9 Jul 2026
ڈھاکا: بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر بلے باز لٹن داس ہیمسٹرنگ انجری سے صحت یاب نہ ہونے کے باعث زمبابوے کے خلاف جاری ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے۔
لٹن داس کو ابتدا میں صرف 6 جولائی کو کھیلے گئے پہلے ون ڈے سے باہر کیا گیا تھا، تاہم فٹنس بحال نہ ہونے کے باعث اب وہ پوری سیریز میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے۔
لٹن داس اپنی بحالی کا عمل ڈھاکہ میں جاری رکھیں گے۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے فزیو بایجد الاسلام خان نے بیان میں کہا کہ لٹن داس نے پہلے ون ڈے میں بھی شرکت نہیں کی تھی اور وہ اب بھی میچ فٹ نہیں ہیں۔
انہوں نے فٹنس ٹیسٹ دیا، تاہم نتائج تسلی بخش نہیں تھے۔ ا نہوں نے مزید کہا کہ مسلسل ون ڈے میچز کے پیش نظر یہ توقع نہیں کہ لٹن داس سیریز کے دوران مکمل فٹ ہو سکیں گے، اسی لیے انہیں باقی دونوں میچوں سے بھی باہر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
لٹن داس کی جگہ پرویز حسین ایمن کو دوسرے اور تیسرے ون ڈے کے لیے اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کو سیریز کے پہلے ون ڈے میں زمبابوے کے ہاتھوں غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جس کے بعد مہمان ٹیم کو سیریز میں برابری کے لیے 9 جولائی کو ہرارے میں کھیلے جانے والا دوسرا ون ڈے لازمی جیتنا ہوگا۔
Comments
0 comment