حکومت سندھ الیکٹرک ٹیکسیاں شروع کرنے کے لئے پر عزم
Webdesk
|
12 Sep 2024
کراچی: حکومت سندھ نے الیکٹرک ٹیکسیاں شروع کرنے کے لئے کوششیں تیز کردی ہیں۔ الیکٹرک ٹیکسیز کے حوالے سے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے چینی آٹوموبائل بنانے والی کمپنی GAC اور دیوان موٹرز کے نمائندوں نے کراچی میں ملاقات کی۔
ملاقات میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، دیوان یوسف فاروقی، چینی کمپنی GAC کے ژو سونگ، ژین وین ، ظفر حسن اور دیگر نے شرکت کی ۔
ملاقات میں چینی کمپنی جے اے سی کے جنرل منیجر ژو سونگ نے الیکٹرک وہیکلز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔
ملاقات میں سندھ میں الیکٹرک ٹیکسیاں متعارف کرانے کے لیے مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات کے موقعے پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے چینی کمپنی کی سرمایہ کاری میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ الیکٹرک ٹیکسیوں کے لیے تمام ضروری انفراسٹرکچر اور سہولت فراہم کرے گی، چارجنگ اسٹیشنز کا قیام، ہموار ریگولیٹری عمل کو یقینی بنانا، اور سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار کے لیے سازگار ماحول کو حکومت سندھ یقینی بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرک ٹیکسیوں کے متعارف ہونے سے نہ صرف لوگوں کو محفوظ اور جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ کاربن کے اخراج کو کم کرکے ماحول کے تحفظ میں بھی مدد ملے گی، نئی ٹیکسی سروس شروع ہونے سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہونگے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ خواتین مسافروں کے لیے محفوظ اور قابل اعتماد سفر کے لئے پنک ٹیکسی سروس شروع کی جائے گی، حکومت سندھ کا مقصد ان الیکٹرک ٹیکسیوں کو جلد از جلد شروع کرنا ہے، تاکہ شہری جدید ترین، ماحول دوست سفری سہولت سے مستفید ہوں۔
Comments
0 comment