3 hours ago
امریکا سے کوئی بات نہیں ہو رہی، ایران نے ٹرمپ کے دعوے کی تردید کردی
Webdesk
|
3 Aug 2026
تہران: ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اس وقت امریکا کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں کر رہا ہے. انہوں نے واضح کیا کہ نہ کوئی امریکی وفد ایران آ رہا ہے اور نہ ہی تہران سے کوئی وفد امریکا یا کسی مذاکراتی عمل کے لیے روانہ ہو رہا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا تھا کہ آج سے ایران کے ساتھ مذاکرات کا آغاز ہو رہا ہے۔ تاہم ایرانی ترجمان نے اس کی تردید کردی ہے۔
ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ایران کو خطے کے ممالک سے کوئی مسئلہ نہیں، جبکہ مشرقِ وسطی میں جاری کشیدگی کی بنیادی وجہ امریکا کی پالیسیوں اور اس کی جارحیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی صورت حال جنگ سے پہلے والی کیفیت میں واپس نہیں جا سکے گی اور جب تک امریکا کی جارحانہ پالیسیوں کا خاتمہ نہیں ہوتا، خطے میں موجودہ حالات برقرار رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا پورے خطے میں جنگی ماحول پیدا کیے ہوئے ہے اور اس کی پالیسیاں علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ بن چکی ہیں۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی امریکی کارروائی درحقیقت پورے خطے کے خلاف جنگ تصور کی جائے گی۔
ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ نے یمن کی صورتحال پر بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یمن کا معاملہ ایران کے خلاف جاری کشیدگی یا جنگ سے منسلک نہیں ہے، اس لیے دونوں معاملات کو ایک دوسرے سے جوڑنا درست نہیں۔
انہوں نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے معاملات میں پاکستان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ چین بھی خطے میں کشیدگی کم کرنے اور حالات کو معمول پر لانے کے لیے سفارتی کوششیں کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک مثبت پیش رفت ہے کہ خطے کے ممالک موجودہ صورتحال کی سنگینی کو سمجھ رہے ہیں. تاہم علاقائی امن کے لیے ضروری ہے کہ خطے کے ممالک اپنی سرزمین پر موجود امریکی فوجی اڈوں کا خاتمہ کریں تاکہ بیرونی مداخلت اور کشیدگی میں کمی لائی جا سکے۔
اسماعیل بقائی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران اپنی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا اور خطے میں امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا۔
Comments
0 comment