'ابھی پہلگام کے مجرموں کی شناخت باقی ہے'

ویب ڈیسک
|
11 May 2025
پاکستانی شوبز شخصیات نے سیز فائر کی حمایت کرتے ہوئے افواج کے دفاعی اقدامات کو سراہا ہے۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف ستاروں نے ہندستان کی جانب سے نور خان ائیربیس کے قریب میزائل حملے کی ناکام کوشش کے بعد پاکستانی فوج کے دفاعی اقدامات کو سراہتے ہوئے سیز فائر کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی افواج پر فخر ہے اور دشمن کو مزید جارحیت کی جرأت نہیں کرنی چاہیے۔
اداکارہ سجل علی نے سیز فائر کو مشکل حالات میں امید کی کرن قرار دیتے ہوئے کہا، "ہر انسان فطری طور پر اپنے ملک کا ساتھ دیتا ہے، لیکن جنگ کبھی مسئلے کا حل نہیں ہو سکتی۔ سیز فائر امن کی طرف ایک اہم قدم ہے۔"
اداکارہ یمنیٰ زیدی نے بھی سیز فائر کو پاکستان کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا، *
"سچائی کی ہمیشہ جیت ہوتی ہے۔ ہماری افواج کی بہادری اور حکومت کی حکمت عملی نے ایک بار پھر پاکستان کی سلامتی کو یقینی بنایا ہے۔"
ایمن خان نے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کی تعریف کرتے ہوئے کہا، "پاکستان کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کرنی چاہیے۔ ہم امن چاہتے ہیں، لیکن ہماری فوج کسی بھی حملے کو ناکام بنانے کی طاقت رکھتی ہے۔"
اداکار عثمان خالد بٹ نے بھی پاکستانی فوج کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ "ابھی تک پہلگام حملے کے مجرموں کی شناخت باقی ہے، جبکہ پاکستان پر لگائے گئے الزامات بالکل بے بنیاد ہیں۔''
انہوں نے لکھا کہ ہماری افواج نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔''
معروف اداکار ہمایوں سعید نے انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ"پاکستان ہمیشہ امن کی بات کرتا آیا ہے، لیکن جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔ امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مستقل امن قائم رہے گا۔"
یاد رہے کہ پاکستانی دفاعی نظام نے ہندستان کی جانب سے راولپنڈی کے قریب فائر کیے گئے میزائل کو کامیابی سے تباہ کر دیا تھا، جس کے بعد فوجی حکام نے واضح کیا تھا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا مناسب جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
Comments
0 comment