فلم فیسٹیول میں شرکت سے انکار پر اداکارہ کو سنگین دھمکی

ویب ڈیسک
|
4 Mar 2025
بھارتی سیاستدان اور کانگریس کے کرناٹک اسمبلی رکن روی کمار نے اداکارہ رشمیکا مندانا پر کنڑ زبان اور ثقافت کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا ہے۔
کانگریس رہنما نے اداکارہ کے بنگلور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت سے انکار پر سخت ردعمل ظاہر کیا اور انہیں "سبق سکھانے" کی دھمکی دی۔
رشمیکا مندانا کو فلم فیسٹیول میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا تھا، اور ان کے ایک ساتھی قانون ساز نے انہیں دعوت دینے کے لیے ان کے گھر تک جا کر درخواست کی۔ تاہم، اداکارہ نے دعوت نامے کے جواب میں کہا کہ "میرا گھر حیدرآباد میں ہے، مجھے نہیں معلوم کرناٹک کہاں ہے، میں نہیں آ سکتی، میرے پاس وقت بھی نہیں ہے۔"
روی کمار نے کہا کہ رشمیکا مندانا کرناٹک کے علاقے کورگ سے تعلق رکھتی ہیں اور یہیں سے انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔
انہوں نے اداکارہ کے رویے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا اس طرح کے اقدام پر انہیں سبق سکھانے کی ضرورت نہیں ہے؟
اس سے قبل، فلم "چھاوا" کے ایک ایونٹ کے دوران بھی کنڑ مداحوں نے رشمیکا پر اپنی جڑوں سے انکار کا الزام لگایا تھا۔
ایونٹ میں اداکارہ نے کہا تھا کہ "میں حیدرآباد سے ہوں اور تنہا آئی ہوں، پرامید ہوں کہ میں بھی آپ سب کا حصہ ہوں۔" ان کے اس بیان سے کنڑ سنیما کے مداحوں کو شدید مایوسی ہوئی، کیونکہ رشمیکا کی پہلی فلم "کرک پارٹی" کنڑ زبان میں ریلیز ہوئی تھی۔
روی کمار نے زور دیا کہ رشمیکا مندانا کو اپنے رویے پر نظرثانی کرنی چاہیے اور کنڑ زبان و ثقافت کے ساتھ اپنی وابستگی کو تسلیم کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اداکارہ کا یہ رویہ نہ صرف کنڑ سنیما بلکہ کرناٹک کے لوگوں کے جذبات کو بھی ٹھیس پہنچاتا ہے۔
Comments
0 comment