غلط خبر پر صحافی نے صبا قمر سے معافی مانگ لی
ویب ڈیسک
|
7 Jan 2026
صحافی اور ٹی وی نیٹ ورک سے وابستہ نعیم حنیف نے اداکارہ صبا قمر کے خلاف اپنے متنازع بیان پر کھلے عام معافی مانگ لی ہے۔ یہ معذرت صبا قمر کی جانب سے بھیجے گئے قانونی نوٹس کے بعد سامنے آئی، جس میں ان پر ہتک آمیز اور بے بنیاد الزامات لگانے کا مؤقف اختیار کیا گیا تھا۔
نعیم حنیف نے منگل کو بشریٰ خان کے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ان کے یوٹیوب چینل پر 3 نومبر کو جاری کی گئی ویڈیو میں صبا قمر سے متعلق جو بات کہی گئی، وہ درست نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بعد میں اس خبر کی تصدیق کی تو معلوم ہوا کہ اس میں کوئی سچائی نہیں تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے بیان سے اداکارہ کے جذبات مجروح ہوئے اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا، جس پر وہ دل سے معذرت خواہ ہیں۔
صبا قمر نے صحافی کی معذرت کو اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے صرف ایک لفظ لکھا: “حیران کن”۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یکم نومبر کو نعیم حنیف نے ایک پروگرام میں صبا قمر کے لاہور اور کراچی سے متعلق خیالات پر گفتگو کے دوران ان کی ذاتی زندگی کے حوالے سے پرانے اور غیر مصدقہ دعوے کیے تھے۔ اس پر صبا قمر نے نہ صرف قانونی نوٹس بھجوایا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی اس کی تفصیل شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے جھوٹے الزامات پھیلانے والے صحافی کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
اداکارہ نے اپنے مداحوں اور شوبز سے وابستہ افراد سے اپیل کی تھی کہ وہ کردار کشی کے خلاف آواز اٹھائیں اور ایسے رویوں کا احتساب ہونا چاہیے، کیونکہ شہرت کسی کو جھوٹ پھیلانے کا حق نہیں دیتی۔
Comments
0 comment