23 hours ago
حادثاتی اموات کی فلم کی نمائش کے دوران سینیما گھر کی چھت گر گئی

ویب ڈیسک
|
27 May 2025
ارجنٹینا کے ایک سینما ہال میں پُراسرار اموات سے متعلق بنائی جانے والی ہالی ووڈ فلم "فائنل ڈیسٹینیشن: بلڈ لائنز" کی نمائش کے دوران ایک خطرناک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔
یہ واقعہ فلم کے اختتام سے کچھ دیر قبل پیش آیا جب سنیما ہال کی چھت کا ایک بڑا ٹکڑا اچانک ہال میں گِر گیا۔
رپورٹ کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والی خاتون فیاما نے بتایا کہ وہ فلم دیکھ رہی تھیں کہ اچانک ایک زوردار دھماکہ نما آواز آئی۔ ابتدا میں انہوں نے اسے فلم کا حصہ سمجھا، لیکن جلد ہی چھت کا ایک بھاری پینل ان کے گھٹنے پر آ گرا۔
فیاما کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کے گھٹنے میں شدید چوٹ کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ تھوڑا سا آگے نہ جھکی ہوتیں تو یہ پینل ان کے سر پر گر سکتا تھا، جس کے نتائج جان لیوا بھی ہو سکتے تھے۔
فیاما نے سینما انتظامیہ پر لاپروائی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ "اگر یہ چھت کا ٹکڑا میرے ساتھ بیٹھی میری بیٹی پر گرتا تو اس کا ذمہ دار کون ہوتا؟ انہوں نے قانونی شکایت درج کرانے کا اعلان کیا ہے۔
یہ واقعہ اس فلم کے دوران پیش آیا جو غیر متوقع حادثات اور خطرناک اموات کی کہانی پر مبنی ہے۔ اس سے فلم کی کہانی اور حقیقی زندگی کے درمیان ایک عجیب مماثلت پیدا ہو گئی، جس نے حاضرین کو حیران کر دیا۔
سینما ہال کی دیکھ بھال میں کوتاہی کی تحقیقات جاری ہیں۔ مقامی حکام نے عمارت کی سلامتی کے معیارات پر نظرثانی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
Comments
0 comment