’ہم نے اپنا حق ادا کردیا‘
ویب ڈیسک
|
8 Feb 2024
ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات میں عام شہریوں کے ساتھ شوبز شخصیات نے بھی حق رائے دہی استعمال کیا اور پھر اُس کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں۔
شوبز شخصیات نے اپنے پسندیدہ لیڈر کو ووٹ دے کر دیگر شہریوں کو بھی اس بات پر آمادہ کیا کہ وہ بھی باہر نکل کر ووٹ ڈالیں اور آئندہ پانچ سالوں کیلیے نئے وزیراعظم کا انتخاب کریں۔
پاکستانی اداکارہ عمران عباس، ہمایوں سعید، عثمان خالد بٹ، حمزہ علی عباسی سمیت دیگر فنکاروں نے سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنی تصاویر پوسٹ کیں۔
ہمایوں سعید نے اپنی تصویر کے ساتھ پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان کے بہتر مستقبل کیلیے ووٹ دو‘۔
اداکار عثمان خالد بٹ نے بھی اپنی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج کا دن بہت خوبصورت ہے، باہر جائیں اور ووٹ دیں‘‘۔
معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے بھی اپنی تصویر ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے ووٹ ڈالنے کی تصدیق کی۔ اداکار عدنان ملک نے بھی ووٹ ڈالنے کے بعد تصویر اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کی۔
اداکارہ ماہرہ خان، عائزہ خان، فاطمہ آفندی، ادکارہ ثنا فخر، ماورا حسین، عتیقہ اوڈھو، بشریٰ انصاری سمیت دیگر نے بھی ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد تصاویر شیئر کیں۔
اداکارہ فاطمہ آفندی نے اپنے شوہر اداکار ارسلان کے ہمراہ لی گئی سیلفی انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے اپنا حق ادا کردیا ہے، اب آپ بھی اپنا حق ادا کریں‘‘۔ معروف اداکارہ ثناء فخر نے بھی ووٹ ڈالنے کے بعد انسٹاگرام پر اپنی سیلفی پوسٹ کی اور صارفین سے پوچھا کہ ’’آپ کس جماعت کو ووٹ دیں گے؟‘‘
عتیقہ اوڈھو نے سوشل میڈیا پر اپنے انگوٹھے کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ اُنہوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ ڈالا ہے۔ اداکارہ مریم نفیس نے شوہر کے ہمراہ تصویر ایکس پر پوسٹ کی اور ساتھ ہی قرآنی آیت بھی لکھی جس کا ترجمہ ہے کہ ’’ہمارے لیے اللہ ہی کافی ہے اور وہ بہترین کارساز ہے‘‘۔
اداکار عمران عباس نے منفرد انداز سے ویڈیو بنائی اور ووٹ ڈالنے کے ساتھ بالی ووڈ کا گانا ’دیش میرے‘ گا کر پاکستان سے محبت کا اظہار کیا۔
Comments
0 comment