رمضانوں میں مستحق خاندانوں کی مالی امداد کیلیے وزیراعلی پنجاب نے ہیلپ لائن کا اجرا کردیا
ویب ڈیسک
|
17 Feb 2026
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رمضان المبارک کے دوران مستحق خاندانوں کی فوری مالی مدد کے لیے خصوصی ہیلپ لائن “مریم کو بتائیں” 1000 کے اجراء کا اعلان کر دیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ ہیلپ لائن رمضان کے پہلے روز سے فعال ہو جائے گی۔ اہل افراد درخواست دینے کے بعد تصدیق مکمل ہونے پر 24 گھنٹوں کے اندر دس ہزار روپے تک نقد امداد حاصل کر سکیں گے۔
حکام کے مطابق شہری اپنی درخواست سرکاری ویب پورٹل یا موبائل ایپ کے ذریعے بھی جمع کرا سکیں گے۔ رجسٹریشن اور تصدیق کے لیے شناختی کارڈ نمبر درج کرنا ضروری ہوگا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ درخواستوں کی جانچ پڑتال ایک شفاف ڈیجیٹل نظام کے تحت کی جائے گی، جس میں لائیو ٹریکنگ، مکمل ریکارڈ محفوظ رکھنے اور نگرانی کا مؤثر نظام شامل ہوگا تاکہ کسی قسم کی بدعنوانی یا غلط استعمال سے بچا جا سکے۔
پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری (PSER) میں پہلے سے رجسٹرڈ افراد کو 24 گھنٹوں کے اندر رقم جاری کر دی جائے گی، جبکہ نئے درخواست گزاروں کی تصدیق اور اندراج کا عمل مکمل ہونے میں چار دن تک لگ سکتے ہیں۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ امداد صرف ان افراد کو دی جائے گی جو کسی اور سرکاری ریلیف اسکیم سے فائدہ نہیں اٹھا رہے، تاکہ مدد حقیقی طور پر مستحق خاندانوں تک پہنچ سکے۔
Comments
0 comment