17 hours ago
ہانیہ عامر کی بالی ووڈ فلم کے حوالے سے بڑے انکشافات

ویب ڈیسک
|
20 Apr 2025
پاکستانی سپر اسٹار ہانیہ عامر کے مداحوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، پنجابی کامیڈین و اداکار ناصر چنیوٹی نے انکشاف کیا ہے کہ ہانیہ عامر بھارتی پنجابی فلم ’سردار جی تھری‘ میں نہ صرف جلوہ گر ہوں گی بلکہ وہ ایک اہم کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔
گزشتہ چند ماہ سے چہ مگوئیاں جاری تھیں کہ ہانیہ عامر، معروف بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کے ساتھ ’سردار جی تھری‘ میں کام کر رہی ہیں، مگر اس حوالے سے تاحال نہ ہانیہ اور نہ ہی دلجیت کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے آئی تھی۔
تاہم، بھارتی اور سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کی شوٹنگ کینیڈا، برطانیہ اور دیگر مقامات پر مکمل ہو چکی ہے، مگر ہانیہ عامر نے اس بارے میں کبھی براہِ راست کوئی بات نہیں کی۔
اب ناصر چنیوٹی نے ایک مقامی صحافی سے پنجابی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ خود بھی فلم میں کردار ادا کر رہے ہیں، اور ہانیہ عامر محض مہمان اداکارہ نہیں بلکہ ایک مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ "ہانیہ عامر پاکستان کی سپر اسٹار ہیں، وہ یہاں کی ہیروئن ہیں، وہ کیسے کوئی عام کردار کریں گی؟''
ناصر چنیوٹی نے مزید کہا کہ وہ اداکارہ کے کردار سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کر سکتے، لیکن انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہانیہ کی پنجابی زبان سن کر شائقین حیران رہ جائیں گے۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ فلم کو جون 2024 میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ وہ خود بھی مزید چند بھارتی پنجابی فلموں میں جلوہ گر ہوں گے۔
ہانیہ عامر کی بھارتی فلم انڈسٹری میں یہ ممکنہ انٹری ان کے کیریئر میں ایک بڑا سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے، اور مداحوں کو اب فلم کی ریلیز کا شدت سے انتظار ہے۔
Comments
0 comment