کروڑوں مالیت کا سونا اسمگل کرنے کے الزام میں اداکارہ گرفتار

ویب ڈیسک
|
9 Mar 2025
جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کی اداکارہ رانیا راؤ کو 3 مارچ کو بنگلورو ائیرپورٹ پر 12.86 کروڑ بھارتی روپے مالیت کا 14.2 کلو گرام سونا اسمگل کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔
ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (DRI) کے حکام کو اداکارہ کے دبئی سے سونا لانے کی اطلاعات ملی تھیں، جس کے بعد انہوں نے ائیرپورٹ پر ہی انہیں روک لیا۔
رانیا راؤ نے سونا اپنی رانوں پر ٹیپ اور پٹیوں کے ذریعے چھپایا ہوا تھا، جو کسٹم چیک سے بچنے کے لیے ایک غیر معمولی طریقہ تھا۔ ابتدائی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ سونا ان کی جیکٹ میں چھپا ہوا تھا، لیکن ڈی آر آئی نے تصدیق کی کہ سونے کی اینٹیں براہ راست ان کے جسم پر پائی گئی تھیں۔
33 سالہ رانیا راؤ کرناٹک کے ایک سینئر آئی پی ایس افسر کی سوتیلی بیٹی بھی ہیں، جس نے اس کیس کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ تحقیقات میں یہ بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا رانیا کسی بڑے اسمگلنگ نیٹ ورک کا حصہ تھیں یا انہوں نے یہ کام ذاتی طور پر کیا تھا۔
یہ بات سامنے آئی ہے کہ رانیا راؤ نے گزشتہ ایک سال میں 27 مرتبہ دبئی کا سفر کیا تھا، جس کی وجہ سے ڈی آر آئی کو ان پر شک ہوا اور ان کی نگرانی شروع کی گئی۔ اب حکام اسمگل شدہ سونے کے نیٹ ورک اور اس کے وصول کنندگان کے بارے میں مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔
Comments
0 comment