6 hours ago
شاہ رخ خان اور دپیکا کیخلاف دھوکا دہی کا مقدمہ درج

ویب ڈیسک
|
27 Aug 2025
بھارت میں بالی وڈ کے معروف اداکاروں شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کے ساتھ ساتھ، ہنڈائی کمپنی کے چھ عہدیداروں کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
یہ مقدمہ راجستھان میں ایک صارف کی جانب سے درج کرایا گیا ہے جس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جس گاڑی کی تشہیر ان اداکاروں نے کی تھی، اس میں سنگین خرابیاں موجود ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ ایف آئی آر بھارت پور کی سی جے ایم کورٹ نمبر 2 کے حکم پر متھرا گیٹ تھانے میں درج کی گئی ہے۔ شکایت کنندہ، کیرتی سنگھ کا کہنا ہے کہ اس نے ہنڈائی کی جو گاڑی خریدی تھی اس میں پہلے دن سے ہی تکنیکی خرابیاں تھیں اور اس کی بار بار کی شکایات پر کمپنی کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
مقدمے میں ان اداکاروں کو بھی شامل کیا گیا ہے جو ہنڈائی کے برانڈ ایمبیسیڈر ہیں اور بھارت کے کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2019 کے تحت انہیں جوابدہ ٹھہرایا گیا ہے۔
اس قانون کے مطابق، اگر کوئی پروڈکٹ جس کی تشہیر کی گئی ہو، ناقص یا گمراہ کن پائی جائے تو اس کی تشہیر کرنے والے بھی ذمہ دار ہوں گے۔
کیریتی سنگھ نے اپنے بیان میں کہا، "میں نے شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کی تشہیر پر بھروسہ کرتے ہوئے یہ گاڑی خریدی تھی۔"
پولیس نے بتایا کہ یہ مقدمہ دفعہ 420 (دھوکہ دہی) اور انڈین پینل کوڈ کی دیگر متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان 1998 سے ہنڈائی کے ساتھ منسلک ہیں، جبکہ دپیکا پڈوکون دسمبر 2023 میں اس کمپنی کی برانڈ ایمبیسیڈر بنی تھیں۔ ان دونوں نے حال ہی میں 2024 ہنڈائی کریٹا کی تشہیر کے لیے ایک ساتھ کام کیا تھا۔
Comments
0 comment