2 hours ago
اصل مرد عورتوں کے معاملے میں بات نہیں کرتا، فضا علی کا یاسر نواز کو جواب
Webdesk
|
18 Dec 2025
پاکستانی شوبز کی اداکارہ فضا علی نے یاسر نواز کے بیان پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک حقیقی مرد کبھی کسی عورت پر لفظی حملہ نہیں کرتا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ دو خواتین کے درمیان تھا، اس میں کسی مرد کا مداخلت کرنا مناسب نہیں۔
فضا علی نے مزید کہا کہ عورتوں کے معاملات میں بولنے والا شخص مرد کہلانے کا حق نہیں رکھتا۔ ان کے مطابق وہ کسی ذاتی تنازع کا حصہ بننے کے بجائے اپنے کام پر توجہ دیتی ہیں اور حقیقی سماجی مسائل پر آواز اٹھاتی رہیں گی۔
اداکارہ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بحث ایک بار پھر تیز ہو گئی ہے، جہاں صارفین کی رائے واضح طور پر تقسیم نظر آ رہی ہے۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب ندا یاسر نے فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز سے متعلق ایک بیان دیا، جسے سوشل میڈیا پر نامناسب اور تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
فضا علی نے اس بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز محنتی لوگ ہوتے ہیں اور اگر انہیں معمولی ٹِپ دی جائے تو اس میں کوئی برائی نہیں، اس لیے ان پر پیسے ہڑپ کرنے جیسے الزامات لگانا درست نہیں۔
فضا علی کی تنقید کے بعد یاسر نواز اپنی اہلیہ ندا یاسر کے دفاع میں سامنے آئے اور کہا کہ فضا علی بلا وجہ ان کی بیوی کو نشانہ بنا رہی ہیں، جس پر اب فضا علی نے کھل کر جواب دیا ہے۔
اس پورے معاملے پر سوشل میڈیا صارفین مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔ کچھ لوگ فضا علی کے مؤقف کو درست قرار دے رہے ہیں، جبکہ کئی صارفین یاسر نواز کو اہلیہ کا ساتھ دینے پر سراہ رہے ہیں۔ بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ اس بحث کو اب ختم ہو جانا چاہیے۔
Comments
0 comment