بھارت سے بغیر علاج آنے والے 2 بچوں کا این آئی سی وی ڈی میں معائنہ

Webdesk
|
1 May 2025
کراچی: بھارت سے علاج کے بغیر واپس آنے والے دل کے مریض نو سالہ منسا اور سات سالہ عبداللہ حیدرآباد سے کراچی پہنچ گئے ہیں جہاں انہیں قومی ادارہ برائے امراضِ قلب(این آئی سی وی ڈی)میں داخل کر لیا گیا ہے۔
بچوں کا طبی معائنہ جاری ہے اور وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال کی ہدایت پر دونوں بچوں کا علاج پاکستان میں ہی کروایا جائے گا۔ بچوں کے والد شاہد علی نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ علاج میں تیزی لائے اور سفری سہولیات فراہم کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ بچوں کے آپریشن میں پہلے ہی کافی تاخیر ہو چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بچوں کا آپریشن 29 اپریل کو بھارت میں ہونا تھا، لیکن انہیں بغیر علاج کے واپس لوٹنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں علاج ممکن نہ ہونے کی وجہ سے بھارت کا رخ کیا تھا امید نہیں کہ پاکستان میں علاج ہوسکتا ہے۔
شاہد علی نیبھی بتایا کہ سفر کے دوران بچوں کی دل کی تکلیف میں مزید اضافہ ہوا۔ انہوں نے حکومت سے جلد از جلد علاج کی فراہمی اور سفری اخراجات میں مدد کی اپیل کی ہے کیونکہ وہ ان اخراجات کو خود برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔
یاد رہے کہ بھارت میں طبی ویزوں کی بندش، سیاسی کشیدگی اور سفارتی مسائل کے باعث پاکستانی مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
Comments
0 comment