جان بچانے والی146 ادویات کی قیمتوں میں اضافہ
Webdesk
|
1 Feb 2024
نگران وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش
پر ہارڈشپ کیٹگری کے تحت عالمی منڈی میں خام مال کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو مدِنظر
رکھتے ہوئے 146 انتہائی ضروری جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی
منظوری دے دی ہے۔
وزارت صحت اور ڈریپ کی جانب سے اجلاس میں بتایا گیا
کہ شہری ادویات کی قیمتوں سے متعلق اپنی شکایات آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع
کراسکتے ہیں۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے
ہوئے کہا کہ حکومت عام آدمی کو ادویات کی مناسب قیمت پر فراہمی کے حوالے سے ہر
ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔
نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا تھا کہ حکومت ایسی پالیسیز مرتب کررہی
ہے جس کا فائدہ عام آدمی کو بھی ہو اور فارماسیوٹیکل کی صنعت بھی ترقی کرے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کی کارکردگی مزید بہتر
بنانے کے حوالے سے تجاویز مرتب کی جائیں۔
انوار الحق کاکڑ نے تاکید کی کہ ادویات کی اسمگلنگ اور ذخیرہ
اندوزی کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔ ادویات کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن کے
حوالے سے ضروری قانون سازی کے لئے سفارشات مرتب کی جائیں تاکہ آئیندہ منتخب حکومت
ان سفارشات کو پارلیمنٹ میں پیش کر سکے۔
علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر کمپیٹیشن
کمیشن آف پاکستان اور سٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف مارکیٹ ریگولیشن کے مابین مفاہمتی
یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر پاکستانی ماہرنفسیات محمد
سلیم خان ترین کے لیے شعبہ نفسیات میں ان کی خدمات کے اعزاز میں برطانیہ کے بادشاہ
چارلس کی جانب سے ممبر آف برٹش ایمپائر کا ایوارڈ وصول کرنے کی اجازت دے دی۔
وفاقی کابینہ نے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھوکو اٹلی کی
جانب سے دیئے گئے گولڈ میڈل فار ایروناٹیکل میرٹ کو وصول کرنے کی بھی اجازت دے دی
ہے ۔
Comments
0 comment