مٹاپا دور، دماغی صحت بہتر: چاکلیٹ کھانے کے کئی طبی فوائد ثابت
ویب ڈیسک
|
26 Apr 2024
چین کی زینگ زو یونیورسٹی کی جانب سے کی گئی ایک تازہ طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ چاکلیٹ کا استعمال صحت کے لیے بے شمار فوائد کا حامل ہے۔
جرنل آف فنکشنل فوڈز میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ چاکلیٹ میں تھیوبرومین نامی کیمیکل پایا جاتا ہے جو نہ صرف سوزش کو دور کرتا ہے بلکہ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھی بھرپور ہوتا ہے جو دماغ کو الزائمر کی بیماری سے بچاتا ہے۔
محققین کے مطابق تھیوبرومین یاداشت اور دماغ کے دیگر افعال کے لیے فائدہ مند ہے اور اس کا مناسب مقدار میں استعمال انسانی جسم کو نقصان نہیں پہنچاتا۔ درحقیقت، یہ دماغی امراض سے بچانے میں بھی مدد کر سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جسم کا زیادہ وزن جگر اور گردے کے کام پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔ تاہم تحقیق میں کہا گیا ہے کہ چاکلیٹ کھانے سے جسم کی چربی پگھلانے، جگر اور گردے کی صحت کو بہتر بنانے اور مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
تحقیق میں کہا گیا ہے کہ چاکلیٹ کی سوزش مخالف خصوصیات مدافعتی خلیوں کے کام کو بھی بہتر کرتی ہیں، مختلف بیماریوں سے لڑنے میں مدد کرتی ہیں۔
(نوٹ عارضہ قلب اور ذیابیطس کے متاثرہ افراد اپنے معالج سے مشورے کے بعد چاکلیٹ استعمال کریں)
Comments
0 comment