سندھ میں ڈینگی کے کیسز پھیلنے لگے، بچہ جاں بحق، 500 مریض رپورٹ
ڈینگی میں رواں سال میں اب تک 500 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں
Webdesk
|
3 Jun 2024
سندھ میں ڈینگی وائرس پھر سے پھیلنے لگا جس کے 500 کیسز رپورٹ اور 1 بچہ جاں بحق ہوچکا ہے۔
محکمہ صحت نے ڈینگی کے نتیجے میں بچے کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ کراچی کے نجی اسپتال میں 11 سالہ بچہ امیر حمزہ ڈینگی بخار میں مبتلا ہوکر جان سے چلا گیا، یوں رواں سال میں ڈینگی سے پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی۔
متوفی امیر حمزہ گزشتہ تین دن سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھا۔
محکمہ صحت نے بتایا کہ رواں سال میں اب تک سندھ کے مختلف اضلاع میں ڈینگی کے 500 سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔طبی ماہرین بھی شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دے رہے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری پورے آستینوں کا لباس پہنیں،مچھر دانیوں اور مچھر کو دور رکھنے والے لوشن کا استعمال کریں اور گلی و محلے میں پانی بھی جمع نہ ہونے دیں۔
Comments
0 comment