6 hours ago
دھرندھر فلم کیخلاف پی پی کارکن کی درخواست مسترد
ویب ڈیسک
|
2 Jan 2026
کراچی کی سیشن عدالت جنوبی نے بھارتی فلم میں پیپلز پارٹی کی ریلی اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی تصاویر دکھائے جانے کے خلاف دائر درخواست مسترد کر دی ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ متعلقہ فلم بھارت میں بنائی اور وہیں ریلیز کی گئی ہے، جبکہ پاکستان میں اس فلم کی اسکریننگ یا ترسیل سے متعلق کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔
عدالت کے مطابق پاکستان یا متعلقہ تھانے کی علاقائی حدود میں کسی قابلِ دست اندازی جرم کا تعین نہیں ہو پاتا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ پولیس رپورٹ کے مطابق نامزد ملزمان بھارتی شہری ہیں اور ان کی پاکستان میں نہ رہائش ہے، نہ کاروباری سرگرمیاں اور نہ ہی کوئی قانونی موجودگی ثابت ہوتی ہے۔
اس بنیاد پر عدالت نے فلم کے رائٹر، پروڈیوسر اور اداکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دیا۔
سیشن جج نے مزید ریمارکس دیے کہ یہ معاملہ ریاستی سطح کے امور سے متعلق ہے، جسے سفارتی ذرائع سے، خصوصاً وزارتِ خارجہ کے ذریعے دیکھنا چاہیے۔ عدالت کے مطابق درخواست کا مقصد قانونی کارروائی سے زیادہ میڈیا کی توجہ حاصل کرنا معلوم ہوتا ہے۔
عدالت نے واضح کیا کہ ان حالات میں ایف آئی آر کے اندراج کے لیے کوئی ہدایت جاری نہیں کی جا سکتی۔ تاہم درخواست گزار کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ پیمرا یا وفاقی حکومت کے متعلقہ فورمز سے رجوع کرے۔
Comments
0 comment