2 hours ago
کپڑوں کے آرڈر کے بدلے آٹا بھیجنے پر عدالت نے ماریہ بی سے جواب مانگ لیا
ویب ڈیسک
|
28 Jan 2026
کراچی کی کنزیومر کورٹ نے معروف ملبوسات کے برانڈ ماریہ بی کو ایک صارف کی شکایت پر نوٹس جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خریدار نے عدالت میں دائر درخواست میں دعویٰ کیا ہے کہ آن لائن آرڈر کیے گئے مہنگے کپڑوں کے بجائے اسے آٹے کی بوری موصول ہوئی۔
کنزیومر کورٹ (ایسٹ) کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے ماریہ بی اور کوریئر کمپنی پوسٹ ایکس (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو ہدایت کی ہے کہ وہ 31 جنوری کو عدالت میں اپنا جواب جمع کروائیں۔
درخواست گزار محمد عثمان ملک نے کنزیومر قوانین کے تحت دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ برانڈ اور ڈیلیوری کمپنی کی غفلت اور ناقص سروس کے باعث اسے شدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑا۔
درخواست کے مطابق محمد عثمان ملک نے یکم دسمبر 2025 کو ماریہ بی کی سرکاری ویب سائٹ سے تقریباً 55 ہزار 864 روپے مالیت کے کپڑوں کا آرڈر دیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ چار دن بعد کوریئر کمپنی کی جانب سے رابطہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ پارسل روانہ ہو چکا ہے، جس کے ساتھ رائیڈر کا نام اور ٹریکنگ نمبر بھی فراہم کیا گیا۔
درخواست گزار کے مطابق مقررہ وقت پر رائیڈر نے پارسل اس کے حوالے کیا، تاہم جب اس نے پیکٹ کھولا تو اندر کپڑوں کے بجائے پانچ کلو آٹے کی بوری موجود تھی، جس پر وہ شدید حیران رہ گیا۔
عدالت نے دونوں فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وضاحت طلب کر لی ہے۔
Comments
0 comment