ساتھی ملازمہ کے ساتھ رنگ ریلیاں، سی ای او کی اہلیہ نے بڑا قدم اٹھالیا

ویب ڈیسک
|
20 Jul 2025
نیویارک: امریکی کمپنی “ایسٹرونومر” کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اینڈی بائرن کی اہلیہ میگن بائرن نے ایک حالیہ تنازع کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے نام سے شوہر کا سرنیم ہٹا دیا۔
یہ اقدام ایک کنسرٹ کے دوران پیش آنے والے واقعے کے بعد سامنے آیا، جہاں اینڈی بائرن کو کمپنی کی ایچ آر منیجر کرسٹن کیبوٹ کے ساتھ مبینہ طور پر نامناسب حالت میں دیکھا گیا۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق، کنسرٹ کے دوران بڑی اسکرین پر اینڈی بائرن اور کرسٹن کیبوٹ کی تصویر دکھائی گئی، جس میں دونوں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی حالت میں نظر آئے۔ شائقین نے فوراً اسے نوٹس کیا، اور گلوکار نے بھی اس پر تبصرہ کیا۔
ویڈیو میں اینڈی بائرن کو سیٹ کے نیچے چھپنے کی کوشش کرتے اور کرسٹن کیبوٹ کو اپنا چہرہ چھپاتے دیکھا گیا، لیکن ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اس واقعے کے بعد میگن بائرن نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے شوہر کا سرنیم ہٹا کر ممکنہ طور پر جوڑے کے درمیان کشیدگی کی طرف اشارہ کیا۔
اگرچہ میگن نے اس بارے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا، لیکن سوشل میڈیا پر انہیں ہمدردی اور حمایت کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ میگن دو بچوں کی ماں ہیں اور عوامی سطح پر کم ہی نظر آتی ہیں۔ دوسری جانب، اینڈی بائرن اور کرسٹن کیبوٹ کے اس واقعے نے کمپنی “ایسٹرونومر” کے اندرونی ماحول اور سی ای او کی ساکھ پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔
اس تنازع نے سوشل میڈیا پر بحث کو جنم دیا ہے، اور عوام کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔
Comments
0 comment