یوٹیوب اکاؤنٹ کی محدود رسائی ہے، رہائی کے بعد ایک روپیہ بھی نہیں کمایا، ڈکی بھائی
ویب ڈیسک
|
19 Dec 2025
مشہور یوٹیوبر سعد الرحمٰن، المعروف ڈکی بھائی، نے کہا ہے کہ رہائی کے بعد انہیں اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر اونر (مالک) کی سطح کی رسائی حاصل نہیں اور وہ اب تک چینل سے کوئی آمدن حاصل نہیں کر سکے۔
اپنے تازہ وی لاگ میں ڈکی بھائی نے بتایا کہ جو چینل اس وقت سبسکرائبرز کو نظر آ رہا ہے، وہ دراصل ان کے ایڈیٹر کے اکاؤنٹ کے ذریعے چلایا جا رہا ہے، نہ کہ ان کے ذاتی اکاؤنٹ سے۔
ان کے مطابق انہیں صرف محدود رسائی حاصل ہے، جس کے باعث وہ نہ تو آمدن دیکھ سکتے ہیں اور نہ ہی چینل کی اہم سیٹنگز تبدیل کر سکتے ہیں۔
ڈکی بھائی نے کہا کہ گرفتاری سے قبل انہوں نے اپنی ٹیم کو ایڈیٹر کی رسائی دی تھی تاکہ ان کی غیر موجودگی میں ویڈیوز اپ لوڈ ہوتی رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یوٹیوب کے قوانین کے مطابق ایڈیٹر صرف ویڈیو اپ لوڈ اور معمولی ایڈیٹنگ کر سکتا ہے، جبکہ صارفین کو شامل یا نکالنے، چینل یا ویڈیوز ڈیلیٹ کرنے اور آمدن دیکھنے جیسے اختیارات اس کے پاس نہیں ہوتے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کا ایڈسینس اکاؤنٹ بھی بند ہے۔ ڈکی بھائی کے مطابق حراست کے دوران پاس ورڈز اور تصدیقی معلومات تبدیل کی گئیں، جس کے باعث ایڈسینس اکاؤنٹ بلاک ہو گیا۔
رہائی کے بعد پہلی ویڈیو سے بھاری آمدن حاصل کرنے کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے ڈکی بھائی نے کہا کہ یہ تمام دعوے بے بنیاد ہیں۔ رہائی کے بعد سےیوٹیوب چینل سے ایک روپیہ بھی نہیں آیا۔
Comments
0 comment