زندگی میں کسی بھی چیز کی گارنٹی نہیں، یاسرہ رضوی

زندگی میں کسی بھی چیز کی گارنٹی نہیں، یاسرہ رضوی

شادی ابھی بھی خوش اسلوبی کے ساتھ چل رہی ہے
زندگی میں کسی بھی چیز کی گارنٹی نہیں، یاسرہ رضوی

Webdesk

|

12 Nov 2025

کراچی: اداکارہ، پروڈیوسر اور لکھاری یاسرہ رضوی نے شادی کے وقت کیے گئے تبصرے کے بارے میں کہا ہے کہ اس وقت کہا گیا تھا کہ ان کی شادی زیادہ عرصہ نہیں چل سکے گی۔

یاسرہ رضوی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اپنی ذاتی زندگی اور روحانی تبدیلیوں کے بارے میں گفتگو کی۔

اداکارہ نے 2016 میں خود سے 10 سال کم عمر ڈراما پروڈیوسر عبدالہادی سے شادی کی تھی، دونوں کے درمیان عمر کے فرق کی وجہ سے ان کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا، لیکن ان کی شادی ابھی بھی خوش اسلوبی کے ساتھ چل رہی ہے اور اس شادی سے ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔

یاسرہ رضوی نے اپنی شادی کے وقت کیے گئے ایک تبصرے کا ذکر کیا، جس میں کہا گیا تھا کہ ان کی شادی صرف کچھ عرصے ہی چلے گی۔

اداکارہ نے کہا کہ جب یہ تبصرہ کیا گیا تو ان کے دل میں یہ سوچ آئی کہ چلو کچھ سال ہی چلے گی، مگر چلے گی تو سہی۔

انہوں نے بتایا کہ اس بات نے انہیں یہ سبق دیا کہ فی الحال جو چل رہا ہے اسے اسی طرح چلنے دینا چاہیے، کیونکہ زندگی میں کسی بھی چیز کی گارنٹی نہیں ہوتی اور نہ ہی معلوم ہوتا ہے کہ اگلے لمحے کیا ہونے والا ہے۔

اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ پچھلے ایک سے ڈیڑھ سال سے وہ نماز کا اہتمام کرتی ہیں اور کوشش کرتی ہیں کہ پابندی کے ساتھ نماز ادا کریں، کیونکہ نماز ہر حالت میں ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ قرآن کی تفسیر بھی پڑھ رہی ہیں تاکہ قرآن کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔ یاسرہ رضوی کے مطابق یہ تبدیلی ان کی والدہ کے انتقال کے بعد آئی، دو سال قبل والدہ کا انتقال ہوا اور ان دنوں وہ والدہ کے کمرے میں رہ رہی تھیں، والدہ نماز پابندی سے ادا کیا کرتی تھیں، جب کہ وہ خود اتنی پابندی نہیں کرتی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایک دن وہ والدہ کے کمرے میں سو رہی تھیں کہ اچانک فجر کی اذان پر آنکھ کھلی، اس وقت ان کی نگاہ والدہ کی نماز پڑھنے والی جگہ پر گئی اور تب سے انہوں نے نماز کے قیام کا آغاز کیا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!