غزہ میں امن کا آغاز ، ٹرمپ کے منصوبے پر حماس اور اسرائیل جنگ بندی پر متفق ہو گئے

غزہ میں امن کا آغاز ، ٹرمپ کے منصوبے پر حماس اور اسرائیل جنگ بندی پر متفق ہو گئے

پہلے مرحلے میں چھ ہفتوں کی جنگ بندی ہوگی، شرائط سامنے آگئیں
غزہ میں امن کا آغاز ، ٹرمپ کے منصوبے پر حماس اور اسرائیل جنگ بندی پر متفق ہو گئے

ویب ڈیسک

|

9 Oct 2025

امریکا کی میزبانی میں ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے پہلے مرحلے پر دستخط کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد غزہ میں جاری طویل جنگ کے خاتمے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت تمام یرغمالیوں کی جلد رہائی، اسرائیلی فوج کا متفقہ لائنوں تک انخلا، اور انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

صدر ٹرمپ نے اسے "امن کے طویل سفر کی پہلی بڑی کامیابی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا تمام فریقین کے ساتھ انصاف پر مبنی رویہ اختیار کرے گا۔ انہوں نے قطر، مصر اور ترکی کے ثالثی کردار کو سراہا اور کہا کہ یہ دن نہ صرف فلسطین اور اسرائیل بلکہ پورے مشرق وسطیٰ کے لیے تاریخی ہے۔

قطری وزارتِ خارجہ نے بھی تصدیق کی کہ جنگ بندی کے پہلے مرحلے پر معاہدہ طے پا گیا ہے، جس میں قیدیوں کے تبادلے اور امداد کی فراہمی کی شقیں شامل ہیں۔ مزید تفصیلات آئندہ دنوں میں جاری کی جائیں گی۔

دوسری جانب حماس نے اپنے باضابطہ بیان میں کہا کہ معاہدہ غزہ پر جنگ کے خاتمے، قابض افواج کے انخلا اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا آغاز ثابت ہوگا۔ تحریک نے ضامن ممالک اور بین الاقوامی فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو معاہدے کی تمام شرائط پر عملدرآمد کے لیے پابند کریں تاکہ کسی قسم کی تاخیر یا خلاف ورزی نہ ہو۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے مختصر ردعمل میں کہا کہ اسرائیل اپنے شہریوں کی واپسی کے لیے پرعزم ہے اور تمام یرغمالیوں کو جلد بازیاب کرایا جائے گا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق حماس 20 زندہ یرغمالیوں کو 72 گھنٹوں کے اندر رہا کرے گی۔

امریکی میڈیا کے مطابق یرغمالیوں کی رہائی ہفتے یا اتوار کو متوقع ہے۔

عالمی برادری نے اس معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے، جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے تمام فریقوں سے شرائط کی مکمل پاسداری کی اپیل کی ہے تاکہ خطے میں پائیدار امن ممکن ہو سکے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے اس موقع پر دعوی کیا ہے کہ غزہ میں جنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!